صوبہ کے تمام پارکس کو مزید خوبصورت بنانے کے لئے غیرملکی ماہرین کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں‘سیکرٹری جنگلات،پارکس کی تنظیم نو کے لئے بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، پارک سے حاصل ہونے والی آمدنی اسی پر خرچ ہو گی‘ کیپٹن (ر) جاوید

اتوار 23 مارچ 2014 16:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) صوبہ کے تمام بڑے پارکس کو مزید خوبصورت بنانے اور ان میں جدید سہولیات فراہم کرنے کے لئے غیرملکی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں جو ان پارکس کی لینڈ سکیپنگ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پارکس کی تنظیم نو کے لئے بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور ایسے منصوبے بنائے جارہے ہیں کہ پارکس سے حاصل ہونے والی آمدنی اسی پارک پر خرچ کی جائے اور مرحلہ وار سہولیات میں اضافہ کیا جاتا رہے-ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنگلات وماہی پروری کیپٹن(ر) جاوید اکبر نے یہاں ورلڈ فاریسٹ کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی سیکرٹری نے کہا کہ محکمہ جنگلات کی ویب سائٹ کا اجراء کیا جارہا ہے۔ویب سائٹ سے نہ صرف شہری معلومات حاصل کر سکیں گے بلکہ جنگلات بارے تحقیق کرنے والے طلبا وطالبات اور محقق بھی اس سے بھرپور استفادہ کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی سیکرٹری جنگلات نے کہا کہ جنگلات و پارکس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کے لئے ملکی و ملٹی نیشنل کمپنیوں میں ” اون اے پلاٹ“منصوبے متعارف کرائے جارہے ہیں جس کے تحت یہ کمپنیاں الاٹ کردہ پلاٹ کی دیکھ بھال اور نگرانی کی ذمہ دار ہوں گی-انہوں نے کہا کہ ورلڈ فاریسٹ ڈے کے انعقاد کا مقصد لوگوں میں درختوں کی اہمیت و افادیت اور اس کے انسانی زندگی پر پڑنے والے مثبت اثرات بارے آگاہی فراہم کرنا ہے اور اس مقصد کے لئے صوبہ بھر کی تمام تحصیلوں ، اضلاع اور ڈویژن کی سطح پر تقاریب منعقد کی جارہی ہیں- انہوں نے کہا کہ جنگلات اور جنگلی حیات کی بہتری کے لئے کاروباری طبقہ ، عوام اور سول سوسائٹی کو اس نیک کام میں شامل کئے بغیر مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے جاسکتے اس لئے ہم سب کو مل کر ہرممکن تعاون فراہم کرنے کی ضرورت ہے-

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں