وزیراعلی نے سعید احمد خان کے اہل خانہ کیلئے 50 لاکھ روپے کی مالی امداد کی منظوری دیدی،مرحوم کی بیوہ کیلئے ملازمت،بیٹیوں کیلئے تعلیمی وظائف اور حکومت پنجاب کی طرف سے گاڑی کی بھی منظوری

اتوار 23 مارچ 2014 13:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2014ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرورکی سفارشات پر محکمہ لیبر وانسانی وسائل کے زیر تحت سنٹر فار امپروومنٹ آف ورکنگ کنڈیشن اینڈ انوائرمنٹ کے ڈائریکٹر سعید احمد خان کی دوران ملازمت وفات کے بعد (مرحوم) کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں ان کے خاندان کیلئے 50 لاکھ روپے کی مالی امداد کی منظوری دیدی ہے۔

وزیراعلی نے دوران ملازمت انتقال کرنے والے ڈائریکٹر سعید احمد خان کو ہیلتھ اینڈ سیفٹی کے شعبے میں مزدوروں ک فلاح وبہبود کے لئے قومی وبین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ گرانقدر خدمات کے اعتراف میں مذکورہ مالی امداد کی منظوری دی ہے۔وزیراعلی نے مرحوم کی بیوہ تحسین اعوان جو کہ ایم اے،بی ایڈ ہیں کو پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ میں سینئر سکول ٹیچر ملازمت ،ان کی تین بیٹیوں کے لئے گریجویشن تک6 ہزارروپے فی کس تعلیمی وظیفہ دینے کی بھی منظوری دی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی نے محکمہ محنت وانسانی وسائل کے سینٹر فار امپروومنٹ آف ورکنگ کنڈیشن اینڈ انوائرمنٹ کا نام مرحوم سعید احمد اعوان کے نام سے منسوب کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔مزید برآں وزیراعلی پنجاب نے مرحوم کے بیوی بچوں کے لئے ایک ہزارسی سی گاڑی کی بھی منظوری دی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں