صحافیوں کو انشورنس کے علاوہ پنشن بھی ملے گی ،وزیر اطلاعات و نشریات،دہشتگردی کا شکار صحافیوں کا مقدمہ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں چلایا جائیگا ،الگ پراسیکیوٹر بھی مقرر کیا جائیگا ‘ پرویز رشید

ہفتہ 22 مارچ 2014 21:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ صحافیوں کو انشورنس کے علاوہ پنشن بھی ملے گی جبکہ فرائض کی ادائیگی کے دوران دہشتگردی کا نشانہ بننے والے صحافیوں کا مقدمہ نہ صرف انسداد دہشتگردی کی عدالت میں چلایا جائیگا بلکہ ان کیلئے علیحدہ پراسیکیوٹر بھی مقرر کیا جائیگا ، صحافیوں کو تربیتی کورسز میں پنجاب اور وفاق کی حکومت ہر ممکن سہولت بہم پہنچائے گی اور اس کیلئے دیگر صوبوں سے بھی بات کی جائے گی۔

وہ ہفتہ کو لاہور پریس کلب میں کونسل آف پاکستان پریس کلبز اور میڈیا ایڈووکیسی سنٹر کے مابین ہونیوالے معاہدے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ میڈیا کا آزاد اور ذمہ دار ہونا بہت بڑی بات ہے تاہم اس کیلئے تربیت کا ہونا بہت ضروری ہے کہ خبر کو کب اور کیسے استعمال کیا جائے تاکہ ملکی مفادات کو نقصان نہ پہنچے۔

(جاری ہے)

آج جس منزل کی طرف قدم اٹھایا گیا ہے یہ اس کمی کے خلاء کو پورا کریگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں لیکن ریاست مستقل حیثیت رکھتی ہے جس نے قائم رہنا ہے اور اس کے مفاد کے تحفظ کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ صحافیوں کو کورس کرانے میں وزارت اطلاعات پنجاب اور وزارت اطلاعات و نشریات وفاق بھرپور تعاون اور مدد کریں گی تاکہ وسائل کی کمی نہ ہو جبکہ دوسری صوبائی حکومتوں سے بھی گزارش کروں گا اور انہیں اس بات پر آمادہ کروں گا‘ اس سے نہ صرف صحافت کو بلکہ سیاسی جماعتوں اور صوبوں کو بھی فائدہ ہو گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں