پنجاب میں صوبائی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے قیام کی منظوری، نالج پارک میں سٹیٹ آف دی آرٹ آئی ٹی یونیورسٹی بنانے کا فیصلہ ‘میاں شہباز شریف ،نالج پارک میں قائم ہونے والی انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں کم وسیلہ خاندانوں کے ہونہار اور ذہین بچوں کیلئے تعلیم مفت ہو گی،پی ایچ ڈی سکالرز کی کمی کو پورا کرنے کیلئے جامع منصوبہ مرتب کیا جائے،حکومت یونیورسٹیوں کو تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی،نالج پارک میں ایک اور یونیورسٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا،،دوسری یونیورسٹی کے قیام بارے کمیٹی تشکیل، سفارشات طلب

ہفتہ 22 مارچ 2014 18:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پنجاب میں صوبائی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ جبکہ لاہو ر میں بننے والے نالج پارک میں سٹیٹ آف دی آرٹ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں کم وسیلہ خاندانوں کے ہونہار اور ذہین بچوں کے لئے تعلیمی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔

اس امر کا فیصلہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی زیرصدارت ایوان وزیراعلیٰ میں منعقد ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں صوبے میں ہائیر ایجوکیشن کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت صوبے میں معیاری تعلیم کو عام کرنے اور ہائیر ایجوکیشن کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ہائیر ایجوکیشن کے فروغ کے لئے پنجاب میں صوبائی ہائیر ایجوکیشن کمیشن جیسے ادارے کا قیام اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹیاں تحقیق کے عمل کو فروغ دینے کیلئے انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہیں، اسی لئے یونیورسٹیوں میں ریسرچ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ آج کے جدید دور میں یونیورسٹیوں میں فیکلیٹز کو عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا چاہیئے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب کی یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی سکالرز کی کمی کو پورا کرنے کے لئے جامع منصوبہ مرتب کیا جائے۔ پنجاب حکومت صوبے کی یونیورسٹیوں میں تعلیم کا معیار بلند کرنے کے لئے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ نالج پارک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے ساتھ ایک اور یونیورسٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے نالج پارک میں دوسری یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کمیٹی اپریل کے وسط تک دوسری یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے سفارشات پیش کرے۔ انہوں نے کہاکہ فروغ تعلیم کے پروگراموں میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ حکام تعلیم کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کے لئے محنت سے کام کریں۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام سیکرٹریز اپنے محکموں کی کارکردگی، مستقبل کے منصوبوں اور اقدامات کے حوالے سے جامع بریفنگز تیار کریں ۔ صوبائی وزیر تعلیم رانامشہو د احمد خان، ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، وائس چانسلرز پنجاب یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، گجرات یونیورسٹی، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز او ر ا علیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں