جماعة الدعوة کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر کے مختلف شہروں میں مارچ،جلسوں و کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا

ہفتہ 22 مارچ 2014 18:06

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22مارچ 2014ء ) جماعة الدعوة پاکستان کے زیر اہتمام آج(اتوار)یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر کے مختلف شہروں و علاقوں میں احیائے نظریہ پاکستان مارچ،جلسوں و کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں تمامتر مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔ نظریہ پاکستان مارچ ، جلسوں اور کانفرنسوں سے جماعة الدعوة کے مرکزی رہنماؤں سمیت مذہبی ، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے مرکزی قائدین خطا ب کریں گے۔

اس حوالہ سے تمامتر تیاریاں و انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔احیائے نظریہ پاکستان کے حوالہ سے مرکزی اور سب سے بڑا پروگرام لاہور میں ہو گا۔صبح دس بجے مینار پاکستان سے مسجد شہداء مال روڈ تک احیائے نظریہ پاکستان مارچ سے امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعیدسمیت قومی مذہبی و سیاسی قیادت خطاب کرے گی۔

(جاری ہے)

ملک بھر کی تمام شاہراہوں پر قومی پرچم لگائے گئے ہیں ۔

اسلام آباد میں جماعة الدعوة کے تحت دن 12بجے فیض آباد سے احیائے نظریہ پاکستان مارچ کا آغاز ہو گاجو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا نیشنل پریس کلب پہنچے گا ۔پریس کلب کے سامنے مارچ کے شرکاء سے جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمان مکی،قاری محمد یعقوب شیخ ،مولانا نصر جاویدخطاب کریں گے۔کراچی میں جماعة الدعوة کے تحت سفاری پار ک گلشن اقبال سے فوارہ چوک،کراچی پریس کلب تک نکالے جانے والے احیائے نظریہ پاکستان مارچ سے جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ،امیر جماعة الدعوة کراچی ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی و دیگر خطاب کریں گے۔جبکہ اسی طرح دیگر شہروں میں بھی تقریبات کا اہتمام کیا جائیگا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں