لاہور‘حکومتی اراکین اسمبلی کاٹریفک وارڈنز کے رویے کیخلاف پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شدید احتجاج ،ٹریفک وارڈن کو معطل کر دیاگیا

جمعہ 21 مارچ 2014 16:56

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21مارچ 2014ء) حکومتی اراکین اسمبلی نے ٹریفک وارڈنز کے رویے کے خلاف پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شدید احتجاج کیا ،قائمقام سی ٹی او نے ٹریفک وارڈن کو معطل کر دیا ۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی رکن اسمبلی آزاد علی تبسم نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عمر اکمل کے واقعے کے بعد ٹریفک واردنز کی بد تمیزیاں حد سے بڑھ گئی ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ روز مال روڈ سے گزر رہے تھے کہ ٹریفک وارڈ ن نے انکی گاڑی کو روک لیا اور ڈرائیونگ لائسنس مانگا میرے ساتھ میرا بھائی گاڑی چلا رہا تھا اور ہم نے ڈرائیونگ لائسنس اسے دیدیا ۔ ٹریفک واردڈن لائسنس لے کر وہاں سے 15گزکے فاصلے پرچلا گیا اور اشارے سے ہمیں اپنے پاس آنے کو کہا ۔

(جاری ہے)

میں نے ٹریفک وارڈن کو اپنا تعارف بھی کرایا لیکن اس نے کہا کہ آپ کو پیچھے رکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن آپ نہیں رکے جس پر میں نے کہا کہ ہم آپ کاروکنے کا اشارہ نہیں دیکھ سکے لیکن اس کے باوجود وارڈن نے بد تمیزی کی جس پر قائمقام اسپیکر نے کہا کہ آپ چیمبر میں بھی میرے پاس آئے تھے اور میں نے آپ سے کہا ہے کہ آپ اس پر تحریک استحقاق لائیں ۔

خاتون حکومتی رکن اسمبلی عظمیٰ زاہد بخاری نے بھی احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ جس وارڈن کی میں نے شکایت کی تھی اسکے ذہنی مریض ہونے کا انکشاف ہوا ہے اور خواتین سے بد تمیزی کرنا اس کا معمول ہے ۔ مجھے کہا گیا کہ تھاکہ اس معاملے کو اسپیکر خود دیکھیں گے لیکن آج تک اس پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔ جس پر شیخ علاؤ الدین نے کہا کہ اسپیکر آپ تحریک استحقاق کی بجائے از خود نوٹس بھی نوٹس لے کر کارروائی کر سکتے ہیں او رآپ کو نوٹس لینا چاہیے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق قائمقام سٹی ٹریفک پولیس آفیسر رانا شجاعت نے رکن اسمبلی آزاد علی تبسم سے بد تمیزی کرنے والے ٹریفک وارڈن غلام مصطفی کو معطل کر دیاہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں