محنت رنگ لائی ، فرحان ایوب نے ایک منٹ سولہ سیکنڈ میں 38 کک اپس لگا کرپنجا ب یوتھ فیسٹیول میں عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ،ملتان کے نوجوان فرحان ایوب نے مشکل حالات کے باوجود کچھ کرنے کا عزم کیا ، پنجاب یوتھ فیسٹیول کا سنتے ہی تیاری شروع کر دی

بدھ 19 مارچ 2014 21:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2014ء) پنجاب یوتھ فیسٹیول کے رنگارنگ مقابلے اپنی پوری آب و تاب سے جاری ہیں اور دنیا کے سب سے بڑے فیسٹیول کا اپنا ہی ریکارڈ توڑنے کے بعدنوجوان اسے مزید بہتر کرنے میں مشغول ہیں۔ پنجاب یوتھ فیسٹیول میں پاکستانیت کارنگ نمایاں ہے ان مقابلوں میں پنجاب بھر کے نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی تاریخ میں پہلی بار اس فیسٹیول میں میرٹ کی بنیادپر زندگی کے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں ، خواتین ، بزرگوں ، پاک فوج کے غازیوں اور خصوصی افراد کو شرکت کا موقع فراہم کیا گیا جبکہ جیلوں اور اولڈ ہومز سمیت ذہنی امراض کے اداروں میں بھی سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کرکے ہرشعبہ زندگی کو اس میگا ایونٹ میں شرکت کے مواقع فراہم کئے گئے۔

پنجاب یوتھ فیسٹیول میں اب تک تقریبا ً 29 ورلڈ ریکارڈ بنائے گئے ہیں انہی ریکارڈز میں ایک ریکارڈ کپ اپس کا بھی تھا جو اس سے قبل چین کے پاس تھا جسے فرحان ایوب نے ایک منٹ سولہ سیکنڈ میں 38 کک اپس لگا کراپنے نام کیا۔

(جاری ہے)

فرحان ایوب کا تعلق ملتان سے ہے اور وہ دو بھائی ہیں فرحان ایوب کے والدجو کہ واپڈا میں ملازم تھے وہ1993ء میں دوران ڈیوٹی فرائض انجام دیتے ہوئے گرڈ سٹیشن پرہونے والے حادثے میں مکمل طور پر جل گئے اس وقت فرحان کی عمر 7 سال تھی اور تقریبا ًسات ماہ سے زائد عرصہ ہسپتال میں رہنے کے بعد وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔

فرحان کے والد کی وفات کے بعد ان کو کرائے کے مکان میں رہنا پڑا والد کی وفات کے بعد ان کے گھریلو حالات مزید خراب ہوتے گئے ا ور کوئی گریجویٹی فنڈ یا دیگر مالی سپورٹ د ستیاب نہیں تھی۔ فرحان کے والد کے انتقال کے بعد بچوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ان کی والدہ کے سر آگئی۔ فرحان کے بھائی بھی مختلف ہوٹلوں میں ویٹر کی نوکری کرتے ہیں اور ان کی ماہانہ آمدنی تقریباً10 ہزار روپے ہے اسی 10 ہزار روپے میں ماں اور دو بیٹے اپنے گھر کا خرچہ چلاتے ہیں لیکن اس کے باوجود فرحان کی والدہ نے دن رات انتھک محنت کرکے بچوں کو پالا اور تعلیم بھی دلوائی فرحان ایوب نے ایف ایس سی پری انجینئرنگ کا امتحان پاس کیا اور مستقبل میں بی بی آرنرز کرنے کا ارادہ ہے ۔

فرحان ایوب کو بچپن سے ہی مارشل آرٹس کا شوق تھا اور فرحان نے تقریباً 7 سال کی عمر میں اپنے شوق کو پورا کرنے کیلئے بغیر کسی اکیڈمی یا استاد کی خدمات حاصل کئے گھرپر مارشل آرٹ کی پریکٹس شروع کر دی اور اپنے شوق کی تکمیل کیلئے دن رات سخت محنت کی۔ فرحان ایوب اور اس کے گھر والوں نے مشکل حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔ فرحان ایوب کے مارشل آرٹس میں آئیڈیل بروس لی ہیں اور وہ ہر سال بروس لی کی برسی والے دن اسے خراج تحسین پیش کرنے کیلئے اپنے گھر میں ایک تقریب کا اہتمام کرتے ہیں فرحان ایوب نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجا ب میاں شہباز شریف اور سپورٹس بورڈ پنجاب کا ”پنجاب یوتھ فیسٹیول“کا انقعاد کرنا ایک نہایت ہی احسن اقدام ہے جس کے باعث نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا بھرپور موقع ملا ہے میں نے بھی جب پنجاب یوتھ فیسٹیول کا سنا تو اسی وقت ارادہ کرلیا تھا کہ اس فیسٹیول کے ذریعے عالمی ریکارڈ قائم کرونگا لہٰذا اس کیلئے میں نے تین ماہ دن رات پریکٹس کی، انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں میرا ارادہ ”گریٹ چائنہ وال “پر دو سال مسلسل ننگے پاؤں پیدل چل کر ورلڈ ریکارڈبنانے کا ہے لیکن چونکہ میرے گھریلو حالات مجھے اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ میں ورلڈ ریکارڈ قائم کرسکوں اس کیلئے مجھے حکومت پاکستان کی اجازت اور مالی تعاون کی ضرورت ہے اگر حکومت مجھے مکمل سپورٹ کرے تو یہ ورلڈ ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوجاؤنگاانہوں نے گفتگو کے دوران میڈیا کے ذریعے صوبائی وزیر تعلیم و سپورٹس رانا مشہود احمد خاں سے اپیل کی ہے کہ وہ مجھے یہ ریکارڈ بنانے میں مکمل مالی تعاون کریں اور اس کے ساتھ ساتھ سپورٹس کوٹے میں سرکاری نوکری بھی دیں تاکہ میں اپنی فیملی کوسپورٹ کر سکوں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں