پاکستان کا مستقبل تابناک ہے ،وہ دن دور نہیں جب اس کا شمار اقوام عالم میں ایک ترقی یافتہ ملک کے طور پر ہو گا‘ رانا محمد اقبال ،پاکستانی قوم محنتی اوربے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہے جس نے ہر شعبے میں عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے‘ قائمقام گورنر پنجاب

منگل 18 مارچ 2014 19:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2014ء) قائمقام گو رنر پنجا ب رانا محمد اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے اور وہ دن دور نہیں جب اس کا شمار اقوام عالم میں ایک ترقی یافتہ ملک کے طور پر ہو گا،پاکستانی قوم محنتی اوربے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہے جس نے ہر شعبے میں عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنر ہاؤس لاہور میں بین الاقوامی ادرے ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس کاکورس مکمل کرنے والے پنجاب کے دو سو پچاس نئے ممبر ز میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔

قائمقام گورنر نے کہا کہ عالمی کساد بازاری اور معاشی اتار چڑھاؤ اس وقت پاکستان کا ہی نہیں بلکہ عالمی مسئلہ بن چکا ہے اور اقتصادی چیلنجز سے نبزد آزما ہونے کے لیے قابل،فنانشل مینجر کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ پاکستانی دیگر شعبوں کی طرح فنانس ، اکاؤنٹس اور کامرس کی فیلڈ میں بھی اپنا لوہا منوا رہے ہیں جس سے پاکستان میں اقتصادی طور پر بہتری آئے گی۔

انہو ں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کی بہتری کے لیے اقتصادی اصلاحات کی ہیں جن کے نتیجے میں ملکی معیشت بتدریج بہتری کی طرف گامزن ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی حوصلہ افزائی حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ ملک سے غربت اور بے روز گاری کے خاتمے کے لیے نجی شعبے کو فعال کرناناگزیر ہے۔قائمقام گورنر نے اے سی سی اے کا عالمی کورس مکمل کرنے والے پنجاب سے تعلق رکھنے والے دو سو پچاس ممبرز کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ نوجوان پروفیشنل ملک کی اقتصادی حالت کو بہتر کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کریں گے۔

انہو ں نے اے سی سی اے کے نئے ممبر پر زور دیا کہ وہ اعلی پیشہ وارانہ صلاحیتو ں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے شعبوں میں بہترین کام کریں اور خود کو ملک و قوم کی بہتری کے لیے وقف کر دیں۔اس موقع پر پنجاب بھر سے اے سی سی اے کورس مکمل کرنے والے دو سو سے زائد پروفیشنلز میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں