بھارت میں ایک لاکھ 36ہزار حج درخواستوں کی وصولی کا مرحلہ کل مکمل ،پاکستان میں پالیسی کا اعلان نہ ہو سکا،ہمسایہ ملک حاجیوں کو سہولتیں دینے میں بھی پاکستان سے بازی لے گیا

جمعرات 13 مارچ 2014 22:29

بھارت میں ایک لاکھ 36ہزار حج درخواستوں کی وصولی کا مرحلہ کل مکمل ،پاکستان میں پالیسی کا اعلان نہ ہو سکا،ہمسایہ ملک حاجیوں کو سہولتیں دینے میں بھی پاکستان سے بازی لے گیا

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2014ء) بھارت میں ایک لاکھ 36ہزار حج درخواستوں کی وصولی کا مرحلہ کل ( جمعہ ) کو مکمل ہو جائیگا ،پاکستان میں تاحال سرکاری حج پالیسی کا اعلان نہ کیا جا سکا ۔ہمسایہ ملک حاجیوں کو سہولتیں دینے میں بھی پاکستان سے بازی لے گیا ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ برس پانچ مارچ سے درخواستوں کی وصولی کا آغاز ہو گیا تھا تاہم اس برس ابھی تک پالیسی کی منظوری اور اس کا اعلان نہیں کیا جاسکا۔

جبکہ ہمسایہ ملک بھر میں ایک لاکھ 36ہزار نشستوں کے لئے حج درخواستوں کی وصولی کا مرحلہ کل جمعہ کو مکمل ہو جائے گا۔ ایک رپورٹ کے مطابق حج کمیٹی آف انڈیا نے مکہ مکرمہ کے علاقے عزیزیہ میں حاجیوں کی رہائش کا کرایہ زیادہ سے زیادہ 26سو ریال جبکہ پاکستان میں یہ رقم 36سو ر یال وصول کرنے کی منصوبہ سازی کی گئی تاہم مدینہ منورہ میں دونوں ممالک کے حاجیوں سے یکساں کرایہ 500ریال فی کس وصول کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستانی حاجیوں کو آب زم زم خود لانا ہوگا جبکہ بھارت میں ہر حاجی کو حج کے بعد وطن واپسی کے موقع پر 10لٹر آب زم زم کا کین مہیا کیا جائیگا ۔ بھارت میں ہر حاجی کو 44کلو گرام وزن جبکہ 10کلو گرام کیری کرنیکی اجازت ہے جبکہ پاکستانی حجاج کرام کو صرف30کلو گرام وزن جبکہ 7کلوگرام کیری کرنے کی اجاز ت ہو گی ۔مزید بتایا گیا ہے کہ بھارت میں ریال کی قیمت کا تعین کرنے کے لئے منی چینجر کمپنیوں سے ٹینڈر طلب کئے جائیں گے جبکہ پاکستان میں حج پالیسی میں یہ شرح 31روپے رکھنے کی منصوبہ بندی کی گئی جبکہ مارکیٹ میں ریال کی قیمت 26روپے ہے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں