حکومت گزشتہ ادوار میں فروخت کیے گئے 167 قومی اداروں سے حاصل ہونیوالی آمدن کا حساب دے ‘ سید منور حسن ، قومی اداروں کی نجکاری سے لاکھوں محنت کش بے روزگار اور ملک کا مستقبل تاراج ہوجائے گا، ملک بھر کی مزدور تنظیمیں نجکاری کیخلاف جدوجہد کریں ، بیسیوں منافع بخش قومی اداروں کو اونے پونے داموں بیچ دیا گیا جن کے بند ہونے سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہو ئے‘ امیر جماعت اسلامی

جمعرات 13 مارچ 2014 20:15

حکومت گزشتہ ادوار میں فروخت کیے گئے 167 قومی اداروں سے حاصل ہونیوالی آمدن کا حساب دے ‘ سید منور حسن ، قومی اداروں کی نجکاری سے لاکھوں محنت کش بے روزگار اور ملک کا مستقبل تاراج ہوجائے گا، ملک بھر کی مزدور تنظیمیں نجکاری کیخلاف جدوجہد کریں ، بیسیوں منافع بخش قومی اداروں کو اونے پونے داموں بیچ دیا گیا جن کے بند ہونے سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہو ئے‘ امیر جماعت اسلامی

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13مارچ۔2014ء) امیر جماعت اسلامی سید منورحسن نے کہا ہے کہ حکومت گزشتہ ادوار میں فروخت کیے گئے 167 قومی اداروں سے حاصل ہونے والی آمدن کا حساب دے اور جوڈیشل کمیشن بنا کر قوم کے سامنے حقائق پیش کیے جائیں ، قومی اداروں کی نج کاری سے لاکھوں محنت کش بے روزگار اور ملک کا مستقبل تاراج ہوجائے گا، ملک بھر کی مزدور تنظیمیں ،کسان اور طلبہ متحد ہو کر نج کاری کے خلاف جدوجہد کریں ، بیسیوں منافع بخش قومی اداروں کو اونے پونے داموں بیچ دیا گیا جن کے بند ہونے سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہو ئے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے نیشنل لیبر فیڈریشن کے زیر اہتمام پریس کلب کے سامنے نج کاری کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

مظاہرے سے نیشنل لیبر فیڈریشن کے صدر شمس الرحمن سواتی ، امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر ، ریل مزدور اتحاد کے شیخ محمد انور ، واپڈا پیغام یونین کے ایس ڈی ثاقب ، ذوالفقار سرمدی ، محمد امین منہاس اور چوہدری محمود الاحد نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مظاہرے میں سینکڑوں مزدوروں نے شرکت کی ۔سیدمنور حسن نے کہاکہ قومی ادارے قوم کی ملکیت ہیں جبکہ حکمران ان اداروں کو کوڑیوں کے بھاؤ اپنے رشتہ داروں کے حوالے کرنا چاہتے ہیں ۔ نج کاری آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا ایجنڈا ہے ۔ حکمران اگر واقعی ملک سے مخلص ہیں تو اپنے اثاثے قومی بنکوں میں لے کر آئیں تاکہ کسی بیرونی مالیاتی ادارے سے بھاری شرح سود پر قرض لینے کی ضرورت پیش نہ آئے ۔

حکمران آئی ایم ایف کو ہمارے سروں پر مسلط کرنا چاہتے ہیں اگر ایک ایک کر کے قومی ادارے بکتے رہے تو بے روزگاری بڑھے گی جس کے نتیجے میں ملک جرائم کا گڑھ بن جائے گا ۔ گزشتہ دور حکومت میں نوازشریف نے حبیب بنک 22ارب روپے میں آغا خان کے ہاتھ بیچ دیا حالانکہ 184 ارب کے بنک کے اثاثے تھے ۔ 2300 ملازمین کو فارغ کردیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ اسرائیل اور بھارت چاہتے ہیں کہ پاکستان میں انتشار اور بے چینی کو فروغ ملے تاکہ ان کی پاکستان کے جوہری اثاثوں کو بین الاقوامی کنٹرول میں لینے کی خواہش پوری ہوسکے ۔

سیدمنورحسن نے ایک بار پھر کہاکہ اقوام متحدہ ، یورپی یونین اور امریکہ کو یہ فکر چھوڑ دینی چاہیے کہ امریکی فوجوں کے انخلا کے بعد افغانستان کا کیا بنے گا ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران امریکہ کے پاؤں پڑنے کی بجائے خطے سے انخلا میں اس کی مدد کریں جب تک ایک بھی امریکی فوجی خطے میں موجود ہے ، ملک سے دہشتگردی ختم نہیں ہو گی ۔امریکی فوج کی موجودگی ہی ملک میں دہشتگردی کی وجہ ہے ۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ کوئی حکومت بھی کرپشن ختم کرنے کے لیے تیار نہیں جس کی وجہ سے حکمرانوں کو قرض لینا پڑتاہے اور پھر قرض کی رقم اپنے اللے تللوں میں اڑا دیتے ہیں ۔ نج کاری سرمایہ دارانہ نظام کی ناجائز اولاد ہے ۔سرمایہ دار غریب عوام سے ان کے جینے کا حق چھینا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ملک کے لاکھوں محنت کش متحد ہو کر قومی اداروں کی نج کاری نہیں ہونے دیں گے ۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاکہ ملک کے مختلف اداروں میں کام کرنے والے لاکھوں مزدور اور محنت کش حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پریشان ہیں ۔ ملک کے اندر یہ کھیل تماشا عرصے سے جاری ہے کوئی حکمران آ کر اداروں کو نیشنل لائز کر دیتاہے اور کوئی بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے قرضے کے حصول کے لیے نج کاری کے معاہدے کرتاہے ۔ قومی اداروں اور مزدوروں کے مفادات کسی کو عزیز نہیں ۔ جب نج کاری ہوتی ہے تو بے روزگاری کی تلوار چلتی ہے جس سے سینکڑوں اور ہزاروں مزدور ں کا معاشی قتل ہوتاہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں