دہشتگردی کے خاتمے کے لئے حکومت اور عوام کو ایک پیج پر آنا ہو گا ‘ گورنر پنجاب ،تاجر ملک کا سرمایہ ہیں ،ملکی معیشت میں استحکام لانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں‘ چوہدری محمد سرور

بدھ 12 مارچ 2014 22:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2014ء) گوررنر پنجا ب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ تاجر برادری ہمارے ملک کا سرمایہ ہے جو تمام تر بحرانوں اور مشکلات کے باوجود ملک میں تجارتی سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے جس سے کروڑوں لوگوں کو نہ صرف روزگار فراہم ہو رہا ہے بلکہ ملکی معیشت میں استحکام لانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں،مسلم لیگ (ن)کی سرمایہ کار دوست حکومت تاجروں کے مسائل کے حل اور انہیں تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے عملی طور پر اقدامات کر رہی ہے- ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گلبرگ کی مختلف مارکیٹوں کی تاجر تنظیموں کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہو ں نے حافظ امیر علی ، سہیل منج اور کابل خاں کی قیادت میں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی-گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی پوری ٹیم کی موثر پالیسیوں کے نتیجے میں آج ملکی معیشت بتدریج بہتر ہو رہی ہے اور غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے پر توجہ دے رہے ہیں - انہو ں نے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ساز گار ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعز م ہیں اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان معاشی لحاظ سے دنیا کی صف ِ اول کی قوموں میں شامل ہو گا-گورنر نے کہا کہ تاجروں کے مسائل حل کرنا اور ان کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی-قبل ازیں، لاہور میں ایرانی قونصلیٹ محمد حسین بانی اسدی سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات باہمی تعاون اور اعتماد کے رشتے پر قائم ہیں جو آزمائش کی ہر گھڑی پر پورے اُترے ہیں - انہو ں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے ،حضوصا انفراسٹرکچر کی بہتری اور توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے-ایرانی سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان میں مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے رہا ہے خصوصا جنوبی پنجاب میں ایرانی کمپنیوں کے زیر اہتمام کئی منصبوبوں پر کام جاری ہے-علاوہ ازیں صوبہ سندھ کے علاقے مٹھی میں غذائی قلت کے شکار افراد کی امداد کے لیے گورنر پنجاب کی طرف سے امدادی کے دوٹرک روانہ کیے گئے -امدادی سامان میں اشیائے خوردونوش ، پانی ، ادویات اور ضرورت زندگی کی اشیاء شامل ہیں -امدادی سامان کے ٹرک روانہ کرتے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں پوری قوم اس وقت تھر کے متاثرین کے ساتھ اور ان کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی - گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ عام لوگ بھی تھر کے متاثرین کی مدد کے لیے پیش پیش ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی واقعی ایک زندگی قوم ہیں -دریں اثناء، گورنر پنجاب چوہدری محمد نے گورنر ہاؤس لاہور میں معروف صحافی،دانشور،نقاد اور تجزیہ نگار ڈاکٹر عارفہ صبح خاں کی کتاب ”ادبی ستارے“ کی تقریب رونمائی کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادیب اور دانشور معاشرے کی آنکھیں اور زبان ہوتے ہیں جو نوجوان نسل کی ذہنی آبیاری کے ذریعے ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو جلا بخشتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ادیب اپنی تحریروں کے ذریعے معاشرے میں صبر و تحمل، برداشت اور بھائی چارے کی فضاء قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جس سے عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کو اجاگر کرنے میں مدد ملتی ہے۔ گورنر پنجاب سے ساؤتھ ایشین کالمسٹ کونسل(ساک) کے مرکزی سیکرٹری جنرل ضمیرآفاقی اور چیئر مین جنرل کونسل محمد اطہر خرم نے ملاقات کی اور انہیں ساوتھ ایشین کالمسٹ کونسل(ساک) کے پیٹرن انچیف بننے پر سووینئر پیش کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت دہشتگردی کے خاتمے اور پر امن معاشرے کے قیام کے لیے تمام آپشن استعمال کر رہی ہے امید کی جانی چاہیے کہ جلد ہی پاکستان میں دہشت گردی کا خاتمہ ہونے کے ساتھ پر امن معاشرے کا قیام عمل میں آجائے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت اور عوام کو بھی ایک پیج پر آنا ہو گا اور حکومتی کوششوں کے ساتھ عوام کو شانے سے شانہ ملانا ہوگا تب ہی جاکر امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں