وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے نیدرلینڈ کے نائب وزیر تجارت سائمن سمٹس کی ملاقات

بدھ 12 مارچ 2014 17:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12مارچ 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے نیدرلینڈ کے نائب وزیر برائے بیرونی تجارت سائمن سمٹس کی قیادت میں وفد نے بدھ کے روز ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب حکومت اور نیدرلینڈنے اس موقع پر زراعت، لائیوسٹاک، ڈیری فارمنگ اور واٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے نیدرلینڈ کے نائب وزیر برائے بیرونی تجارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان باقاعدگی سے تجارتی وفود کے تبادلے نہایت ضروری ہیں۔ نیدرلینڈ کی حکومت اور ماہرین کے ساتھ زراعت، ڈیری فارمنگ اور واٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے سلسلے میں تیز رفتاری سے پیش رفت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان میں نیدرلینڈ کے سفیر مارسل ڈی ونک، نیدرلینڈ کے وفد کے دیگر اراکین، اعزازی قونصل طارق رحمن، صوبائی وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری داخلہ، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے علاوہ متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے نیدرلینڈ کے نائب وزیر سائمن سمٹس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ دونوں ملکوں کو باہمی تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ پنجاب میں زراعت، لائیوسٹاک، ڈیری فارمنگ اور واٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ نیدرلینڈ کی حکومت اور ماہرین ان شعبوں میں تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔

پنجاب حکومت نے اربوں روپے کی لاگت سے شہریوں کوپینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ایک بڑا منصوبہ بنایا ہے جس پر مرحلہ وار ساڑھے چار سال میں عملدرآمد کیا جائے گا اور صوبہ پنجاب کے ہر شہری تک صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ نیدرلینڈ کے ماہرین بھی صاف پانی پراجیکٹ میں تکنیکی معاونت فراہم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا دودھ پیدا کرنے والا چوتھا بڑا ملک ہے جبکہ نیدرلینڈ کو ڈیری مصنوعات کی تیاری اور برآمدات میں خصوصی مہارت حاصل ہے۔

دونوں ملکوں کو اس شعبے میں تعاون بڑھانا چاہیئے۔ پنجاب میں لائیوسٹاک کے شعبے سے وابستہ افراد کو بہتر معاوضوں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے دودھ کی پراسیسنگ کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ حالیہ برسوں میں کئی بین الاقوامی کمپنیوں نے اس حوالے سے منصوبے شروع کئے۔ نیدرلینڈ کی کمپنیوں کو بھی ڈیری فارمنگ کے شعبے میں آگے آنا چاہیئے۔

گوشت کی برآمدات میں اضافے کیلئے لاہور میں جدید سلاٹر ہاؤس قائم کیا گیا ہے۔ پاکستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور توانائی بحران کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر قیادت حکومت توانائی بحران اور انتہاپسندی کے رجحان کے خاتمے کیلئے بھی کوشاں ہے اور ان اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ محمد شہباز شریف نے یورپی یونین میں پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دلوانے میں حمایت پرنیدرلینڈ کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ ہوگا جس سے پاکستان میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور معاشی استحکام آئے گا۔

اس موقع پر نیدرلینڈ کے نائب وزیر برائے بیرونی تجارت سائمن سمٹس نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ پاکستان خصوصاً پنجاب کے ساتھ ڈیری فارمنگ، زراعت اور واٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں تعاون کریں گے۔پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنے کیلئے باہمی تجارت کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا ہے۔مستقبل میں بھی نیدر لینڈ کے حکام اور مختلف شعبوں کے ماہرین پاکستان کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے پاکستان کو یورپی منڈیوں تک ڈیوٹی فری رسائی ملی ہے جس کے دوررس اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کونیدرلینڈ کے دورے کی دعوت بھی دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں