محکمہ صحت پنجاب ہسپتالوں کا مضر صحت کوڑا کرکٹ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ذریعے ٹھکانے لگائے گا‘ خواجہ سلمان رفیق،نجی ہسپتالوں کوکوڑا کرکٹ تلف کرنے کا پابند بنانے کیلئے ہاسپیٹل ویسٹ مینجمنٹ رولز 2005 میں ترامیم کی جائیں گی‘ مشیر برائے صحت

منگل 11 مارچ 2014 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2014ء) مشیر وزیراعلی پنجا ب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کے سرکاری ہسپتالوں کا کوڑا کرکٹ تلف کرنے کے لئے محکمہ صحت لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا تعاون حاصل کرے گا۔انہوں نے کہا کہ جلد ہی اس سلسلہ میں محکمہ صحت اور ایل ڈبلیو ایم سی کے درمیان ایک معاہدہ طے پا جائے گا۔لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ہسپتالوں کا مضر صحت کوڑا کرکٹ تلف کرنے کے لئے شہر کے مضافات میں ایک سنٹرلائزڈ ہاسپیٹل ویسٹ مینجمنٹ سسٹم بنائے گی۔

انہوں نے یہ بات منگل کے روز یہاں ہسپتالوں کا کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے حوالے سے ایک اجلاس کی زیر صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت بابر حیات تارڑ،سیکرٹری ماحولیات محمد رشید چوہدری،چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی وسیم اجمل،ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ٹیکنیکل ڈاکٹر انور جنجوعہ،ڈائریکٹر پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام ڈاکٹر ذوالفقار قریشی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سرکاری ونجی ہسپتالوں کا کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا جس میں آٹو کلیو سسٹم اور انسینی ریشن سسٹم کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں سے کوڑا کرکٹ جمع کرنے،اس کی ٹرانسپوٹیشن اور اسے تلف کرنا ایل ڈبیلو ایم سی کی ذمہ داری ہو گی جس کے لئے محکمہ صحت طے شدہ نرخوں کے مطابق ادائیگی کرے گا۔

نجی ہسپتالوں کو اپنا کوڑا کرکٹ تلف کرنے کے لئے اس مذکورہ سسٹم کا حصہ بنانے کی غرض سے ہاسپیٹل ویسٹ مینجمنٹ رولز 2005 میں مناسب ترامیم کی جائیں گی۔سیکرٹری ماحولیات رشید چوہدری نے کہا کہ ہسپتالوں کا کوڑا کرکٹ صرف محکمہ صحت کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ ایک ماحولیاتی مسئلہ بھی ہے جسے حل کرنے کے لئے محکمہ ماحولیات اپنا ذمہ داریاں پوری کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیا سسٹم متعارف ہونے کے بعد محکمہ ماحولیات کے انسپکٹرزہسپتال کا کوڑا کرکٹ تلف کرنے کے حوالے سے ہسپتالوں کی انسپکشن کریں گے اور کوتاہی برتنے والے ہسپتالوں کے قانون کے مطابق کارروائی بھی کی جائے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لوکل گورنمنٹ کے افسران یا دیگر اداروں کے بااختیار اہلکار ہسپتالوں کا کوڑا کرکٹ تلف کرنے کے بارے میں ہر سال متعلقہ ہسپتالوں کو سرٹیفکیٹ جاری کریں گے۔علاوہ ازیں ضلع کی سطح پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا انسینی ریٹرنجی وسرکاری ہسپتالوں کا کوڑا کرکٹ تلف کرنے کے لئے مرکزی مقام ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں