طالبان آئین پاکستان کو نہیں مانتے حکومت جو بھی مذاکرات کرے آئین اور قانون کی پاسداری کرتے ہوئے کرے‘ میاں منظور وٹو ،پابندیوں کے باوجود اگر ایران سے ایک ہزار میگا واٹ بجلی خریدی جا سکتی ہے تو گیس پائپ لائن منصوبے کو سرد خانے میں ڈالنا ناقابل فہم ہے،پیپلز پارٹی نے کبھی قدرتی آفات پر سیاست نہیں کی،ہمیشہ انسانیت کی خدمت کیلئے ہمہ وقت کوشش کی ہے‘ صدر پیپلز پارٹی پنجاب کی پریس کانفرنس

منگل 11 مارچ 2014 19:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ نے سانحہ تھرپارکر کا نوٹس لیتے ہوئے تین افسران کو معطل کیا ،سندھ انتظامیہ متاثرین کی مدد کے لئے ہمہ وقت کوشش کریں، موجودہ حکومت پیپلز پارٹی کے شروع کئے ہوئے 850 ارب کے منصوبے التواء میں ڈال کر ملک و قوم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے، پابندیوں کے باوجود اگر ایران سے ایک ہزار میگا واٹ بجلی خریدی جا سکتی ہے تو گیس پائپ لائن منصوبے کو سرد خانے میں ڈالنا ناقابل فہم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز سیکرٹریٹ پنجاب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔اس موقع پر تنویر اشرف کائرہ، راجہ عامر خان، عابد حسین صدیقی، غلام محی الدین دیوان، منظور احمد مانیکا،اکرم شہیدی اور مانی پہلوان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی سانحہ اسلام آباد یا پنجاب میں ڈینگی جیسے انسانی المیے یا قدرتی آفات پر سیاست نہیں کی۔

پیپلز پارٹی نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کے لئے ہمہ وقت کوشش کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طالبان آئین پاکستان کو نہیں مانتے حکومت جو بھی مذاکرات کرے آئین اور قانون کی پاسداری کرتے ہوئے کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور میں شروع کئے ہوئے 850 ارب روپے کے منصوبے جن میں مکران کوسٹل وے، چشمہ پاور پلانٹ اور دیگر شامل ہیں انہیں موجودہ حکومت التواء میں ڈال رہی ہے جس سے ملک و قوم کو نقصان ہو گا۔

گیس پائپ لائن منصوبے کے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ سابق صدر آصف علی زرداری کا بہترین منصوبہ تھا انہوں نے بڑی جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس معاہدے پر دستخط کئے تھے ملک و قوم کی فلاح کے لئے کیے گئے اس منصوبے کو پیپلز پارٹی سرد خانے میں نہیں ڈالنے دے گی اگر اس معاہدے کو پس پشت ڈالا گیا تو پوری قوم سراپا احتجاج بن کر سڑکوں پر ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر پابندیوں کے باوجود ایران سے ایک ہزار میگا واٹ بجلی خریدی جا سکتی ہے تو معیشت کا پہیہ چلانے کے لئے اس منصوبے کو مکمل کرنے میں کیا آڑ ہے۔ دریں اثنا اس موقع پر شیخوپورہ، شرقپور اور مریدکے سے مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر میاں منظور احمدوٹونے کہا کہ پیپلزپارٹی پنجاب میں بھرپور قوت بن کر ابھر رہی ہے ابھی پچھلے دنوں تاندلیانوالہ سے مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے شمشیر خان وٹو نے اپنے ہزاروں ساتھیوں کے ہمراہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا اور آج شیخوپورہ، شرقپور اور مرید کے سے جن ساتھیوں نے شمولیت کا اعلان کیا ہے وہ ان علاقوں کی معتبر، مقتدر اور باوقار شخصیت کے حامل ہیں ان کی شمولیت سے ان علاقوں میں پیپلز پارٹی مزید مضبوط ہو گی مزید برآں ان کی زیر صدارت سیالکوٹ کی تنظیمی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جس میں گوجرانوالہ کے اعجاز سماں نے شرکت کی اس موقع پر میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ہر عہدیدار اپنے اپنے گھر پر پیپلز پارٹی کا جھنڈا نصب کرے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں