آئندہ ایک سال میں گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کر دیں گے، حمزہ شہباز،حکومت کے اقدامات سے تمام بحران جلد ختم ہوجائیں گے، حکومت سنبھالی تو ڈالر 106 کا تھا اب 101 ر و پے کا ہو گیا ،یوتھ فیسٹیول سے کھیلوں کے میدان آباد ہو رہے ہیں، ایکسپو سنٹر میں صنعتی نمائش اور شاپنگ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 10 مارچ 2014 23:14

آئندہ ایک سال میں گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کر دیں گے، حمزہ شہباز،حکومت کے اقدامات سے تمام بحران جلد ختم ہوجائیں گے، حکومت سنبھالی تو ڈالر 106 کا تھا اب 101 ر و پے کا ہو گیا ،یوتھ فیسٹیول سے کھیلوں کے میدان آباد ہو رہے ہیں، ایکسپو سنٹر میں صنعتی نمائش اور شاپنگ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2014ء) پنجاب یوتھ فیسٹیول کے زیر اہتمام صنعتی نمائش اور شاپنگ فیسٹیول ایکسپو سنٹر میں شروع ہوگیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے نمائش کا افتتاح کیا اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل و تعلیم رانا مشہود احمد ، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور اور سیکرٹری انڈسٹریز عرفان علی بھی موجود تھے۔

صنعتی نمائش میں ملک بھر سے 72 کمپنیوں نے اپنے سٹالز لگائے ہیں جن میں ماڈل سٹیل ، میری گولڈ، اورینٹ، ایگل گروپ، چنگ چی، نرالا سوئٹس، کسان گھی، سمال انڈسٹریز، سپر ایشیاء، داؤد ہرکولیس، پنجاب سمال انڈسٹریز اور سوئی ناردرن گیس سمیت دیگر کمپنیاں شامل ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں ملکی معیشت میں بہتری آرہی ہے جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ڈالر 106 روپے کا تھا جو اب کم ہوکر 101 روپے تک آگیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے دن رات کام ہورہا ہے گڈانی پاور پلانٹ سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بجلی پیدا کرنے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں جن سے مستقبل میں عوام کو وافر مقدار میں بجلی ملے گی ۔ آئندہ ایک سال میں گیس کی لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی حکومتی اقدامات کے نتیجے میں تمام بحران جلد ختم ہوجائیں گے اور پاکستان ترقی کی منازل طے کرے گاجبکہ چین پاکستان میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا ۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ کراچی سے ملتان تک موٹر وے تعمیر کی جائے گی ، ملک سے غربت کے خاتمہ کے لئے پالیسیاں تشکیل دی جارہی ہیں ، تھر میں قحط سے متاثرہ عوام کیلئے وفاقی حکومت نے ایک ارب روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے اور وزیر اعظم نے خود بھی موقع پر جاکر متاثرہ عوام کی داد رسی کی۔ ا نھوں نے مزید کہا کے صنعتی نمائشوں کے انعقاد کا مقصد مقامی انڈسٹری کی حوصلہ افزائی اور انہیں اپنی مصنوعات کو عوام میں متعارف کرانا ہے میں نمائش کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ یوتھ فیسٹیول کے ذریعے کھیلوں کے میدان آباد ہورہے ہیں اور گینز ریکارڈز کے ذ ریعے پاکستان کا روشن چہرہ دنیا کے سامنے آرہا ہے۔ صوبائی وزیر رانا مشہود نے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کھیلوں کے ساتھ ساتھ صنعتی میدان میں بھی تحریک کی شکل اختیار کرگیا ہے ۔ ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور کا کہنا تھا کہ اس طرح کی نمائشوں سے زبوں حال معیشت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں