ضمنی انتخابات میں مسلسل شکست کے بعد عمران خان کی غلط فہمی دور ہوجانی چاہیے‘ رانا ثناء اللہ ، وہ کب تک دھاندلی کا شور مچاتے رہیں گے؟،عوام ان الزامات کواب مذاق سے زیادہ اہمیت نہیں دیتے، وزیر قانون پنجاب

پیر 10 مارچ 2014 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2014ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کب تک دھاندلی کا شور مچاتے رہیں گے؟،ضمنی انتخابات میں مسلسل شکست کے بعد ان کی غلط فہمی دور ہوجانی چاہیے،عوام ان الزامات کواب مذاق سے زیادہ اہمیت نہیں دیتے، عوام نے نہ صرف عام انتخابات بلکہ ضمنی انتخابات میں بھی ان کی پارٹی کو مسترد کیا ہے ۔

عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عوام عمران خان کے دھاندلی واویلا سے تنگ آچکے ہیں ، وہ ان کے پراپیگنڈے کی حقیقت سے بخوبی واقف ہیں اور کبھی ان کی باتوں میں نہیں آئیں گے ۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما دوسروں پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگانے کی بجائے خیبر پختونخوا میں اپنی حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کریں ۔

(جاری ہے)

دوسروں پر تنقید سے پہلے وہ یہ بتائیں کہ انہوں نے خیبر پختونخوا میں عوام کی ترقی کے لئے کیا اقدامات کئے ہیں ؟۔ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ سیاست میں منفی رویہ عمران خان کی پہچان بن چکا ہے اور عوام نے عمران خان کے دھاندلی کے الزامات پرکان دھرنا چھوڑ دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان عام انتخابات میں شکست کے بعد اپنے آپ کو سیاست میں زندہ رکھنے کے لئے الزام تراشی کرتے رہتے ہیں لیکن باشعور عوام کبھی ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں