دہشتگردی کیخلاف درست راستہ اختیار کیا جائے: الطاف حسین

اتوار 9 مارچ 2014 21:28

دہشتگردی کیخلاف درست راستہ اختیار کیا جائے: الطاف حسین
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9مارچ۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف درست راستہ اختیار نہ کیا گیا تو بہت نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ سب کو مثبت تبدیلی کیلئے کوششیں کرنا ہونگی۔ لاہور میں صوفیائے کرام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ دہشتگردی پوری قوم کا مسئلہ ہے۔

میں اکیلا دہشتگردوں کے خلاف آواز بلند کر رہا ہوں۔ ملک کی بہتری کیلئے درست فیصلے کرنا ہونگے۔ ملک میں تبدیلی لانے کیلئے اپنے اندر تبدیلی لانا ہوگی۔ سب کو مثبت تبدیلی کیلئے کوششیں کرنا ہونگی۔ میں پاکستان کو خوشحال دیکھنا چاہتا ہوں۔ آج درست راستہ اختیار نہ کیا گیا تو بہت نقصان اٹھانا پڑے گا۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ملکی صورتحال دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے۔ بے گناہ لوگوں پر بم حملے کئے جاتے ہیں۔ سوات میں ملالہ یوسفزئی پر حملہ کیا گیا۔ خواتین کو کوڑے مارے گئے۔ دہشتگردوں نے اسلام آباد کچہری میں حجاب والی لڑکی کو قتل کر دیا۔ اسلام کا نام لے کر ہمارے فوجیوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ اسلام کا مطلب سلامتی، امن اور محبت ہے لیکن اسلام کے نام پر ظلم ڈھائے جا رہے ہیں۔

اسلام کے مطابق کسی ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل عام ہے۔ کوئی پاکستانی یہ نہیں چاہتا کہ پاکستان کا آئین اسلام کے قوانین کے خلاف ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ شریعت کے مطابق قانون نہ ہونا الگ بات ہے اور اپنی الگ شریعت بنا لینا اور بات ہے۔ کوئی شریعت بزرگان دین کے مزارات پر حملوں کی اجازت نہیں دیتی۔ ان کی شریعت کہتی ہے کہ بزرگان دین کے مزارات اور عبادت گاہوں کو بم دھماکوں سے اڑا دو۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ہمیں عبادت گاہوں پر حملے کرنے والوں کی شریعت نہیں چاہیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں