پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے دو قراردادیں متفقہ طور پر منظوری

ہفتہ 8 مارچ 2014 20:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2014ء) خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے بلائے گئے پنجاب اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں دو قراردادیں بھی متفقہ طور پر منظور کی گئیں ۔ صوبائی وزیر حمیدہ وحید الدین کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان خواتین کے عالمی دن کے موقع پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحکی بصیرت کی روشنی میں پاکستان کی خواتین کو معاشی ،سماجی اور سیاسی شعبوں میں پاکستان کے مساوی شہری کے طور پر قومی دھارے میں لانے کے لئے اپنی بھرپور وابستگی اور حمایت کا اظہار کرتا ہے ۔

یہ ایوان اس ضمن مین حکومت پنجاب کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور اس امر کی سفارش کرتا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے تحت خواتین کے حقوق اور ترقی کے لئے صوبہ میں پنجاب خواتین پارلیمانی گروپ قائم کیا جائے ۔

(جاری ہے)

حکومتی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ کی قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر پاکستانی خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں اپنے حقوق کے حصول کو یقینی بنانے کی قابل تعریف کوششوں پر خراج تحسین پیش کرتا ہے اور اس ضمن میں حکومت پنجاب کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

ان خواتین کی بدولت ہی خاندان مضبوط ، معاشرے بااختیار اور اقوام کی تعمیر ہوتی ہے۔ نیز پنجاب کا یہ منتخب ایوان اس بات کا عزم کرتا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے اور خواتین کو معاشرے میں باوقار مقام دینے نیز برابری کے حقوق دلانے کیلئے موثر قانون سازی کی جائے گی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لئے خوشی کا دن ہے جس میں مسلم لیگ (ن) کے منشورکے مطابق ایسی قانون سازی کی گئی ہے جس کے تحت خواتین کو با اختیار بنانے کے تصور کو عملی جامہ پہنایا جا سکے گا ۔

انہوں نے کہا کہ اس قانون سازی کے ذریعے پنجاب کے27محکموں میں 24992خواتین کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار ایک ہی روز ایسا ہو رہا ہے جس کے بعد قریبا پانچ ہزار خواتین کو ایگزیکٹیو پوسٹوں پر لگایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی اقتصادی و سماجی بہتری کیلئے اقدامات کئے جار ہے ہیں حکومتی پروگرامز کا مقصد ملینئم ڈویلپمنٹ اہداف حاصل کرنا ہے تا کہ خواتین کی صحت بہتر بنا کر انہیں قومی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے مواقع مہیا کئے جا سکیں -انہوں نے کہا کہ خواتین کی سماجی‘ معاشی اور سیاسی خود مختاری کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں جن کی بدولت صوبہ میں خواتین ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر رہی ہیں۔

دونوں قراردادوں کو متفقہ طو رپر منظور کر لیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں