سابقہ 5 سالوں میں ادارے کرپشن کی نظر ہوئے ،ملکی معیشت کو تباہی کے دھانے پر پہنچادیا گیا ہے‘ رانا تنویر حسین،موجودہ حکومت اگلے تین سالوں میں انرجی بحران 80 فیصد ختم ہوجائیگا‘ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار کا اجتماع سے خطاب

ہفتہ 8 مارچ 2014 18:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2014ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ سابقہ 5 سالوں میں صرف اداروں کی تباہی ہوئی ، ادارے کرپشن کی نظر ہوئے اور ملکی معیشت کو تباہی کے دھانے پر پہنچادیا گیا ہے ، موجودہ حکومت نے برسراقتدار آتے ہی معیشت کی بہتری کے لیے انقلابی نوعیت کے اقدامات اٹھائے گوادر پورٹ اور موٹروے جیسے میگاپراجیکٹس پاکستان مسلم لیگ کی کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔

وہ ہفتہ کے روز ننکانہ صاحب کے نواحی علاقوں کوٹ حیات اور ٹھٹھہ ناظراں میں سوئی گیس کی فراہمی کے افتتاح کے موقع پر عوام کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔اس منصوبہ پر ایک کروڑ 25 لاکھ روپے لاگت آئی ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار 32 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے جس سے نا صرف عوام کا معیا ر زندگی بلند ہو گا بلکہ توانائی بحران کو ختم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے اب تک 2000 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو چکی ہے اورآنے والے تین سالوں میں انرجی بحران 80فیصد ختم ہوجائیگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانے کے لیے یوتھ بزنس لون سکیم کا آغاز کیا جس کی پہلی قر عہ اندازی ہوچکی ہے اور شفافیت کی بنیاد پر نوجوانوں کو قرضہ فراہم کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ وزیراعظم کی خواہش کے مطابق نوجوان اس قرض کو بہتر طور پر کاروبار میں خرچ کریں گے۔ نوجوان خوشحال اور برسرروزگار ہونگے تو ملک تیزی سے معاشی ترقی کی منازل طے کرے گا ۔ طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ طالبان کو مذکرات کی طرف ہماری حکومت لے کر آئی تو وہ آمادہ ہوئے میں ایک بار یہ بات پھر واضع کرتا ہوں کہ جو ملکی آئین کا احترام کرئے گا مذکرات اور بات چیت اسی سے ہو گی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں