وزیراعلیٰ پنجاب سے ڈنمارک کے سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال،ڈینش سرمایہ کار زراعت اور توانائی سمیت مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں‘ شہباز شریف،پاکستان کو جی ایس پی پلس کاد رجہ دلانے میں ڈنمارک نے بھرپور حمایت کی جس پر ڈنمارک کی حکومت اور سفیر کے شکرگزار ہیں، عوام کا معیار زندگی بلند کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے، حکومتی اقدامات کے موثر نتائج برآمد ہو رہے ہیں‘ وزیراعلیٰ کی ڈینش سفیر سے گفتگو، پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنا انتہائی اہم ہے،پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوگا، جیسپرمولر سورنسن

جمعرات 6 مارچ 2014 21:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب ایک زرعی صوبہ ہے جہاں زراعت پر مبنی انڈسٹری کے فروغ کی وسیع گنجائش موجود ہے،پنجاب حکومت نے بائیوماس سے توانائی کے حصول کیلئے منصوبہ بندی کی ہے،پاکستان ڈنمارک کے ساتھ تجارتی اور معاشی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے، ڈنمارک کے سرمایہ کار پاکستان خصوصاً پنجاب میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار ڈنمارک کے سفیر جیسپر مولر سورنسن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کے روز یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دلانے میں ڈنمارک کی حمایت پر ڈنمارک کی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کے اس فیصلے سے پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ ہوگا اور کاروبار کے زیادہ مواقع میسر آئیں گے جس سے ملکی معیشت کو استحکام ملے گا ۔

(جاری ہے)

جی ایس پی پلس کاد رجہ دلانے میں ڈنمارک نے جو کردار ادا کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی، زراعت، لائیوسٹاک، ڈیری فارمنگ، واٹر مینجمنٹ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ڈنمارک کے سرمایہ کار زراعت، توانائی،بائیوماس اور واٹر مینجمنٹ کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

ڈنمارک کے سرمایہ کاروں کو ہرممکن ضروری سہولتیں فراہم کریں گے۔ پنجاب میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو تمام سہولتیں ایک چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں۔ صوبے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کا معیار زندگی بلند کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے چنانچہ پنجاب حکومت تمام پروگراموں پر شفاف طریقے اور تیز رفتاری سے کام کر رہی ہے۔

تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں کئے جانے والے اقدامات کے موثر نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ حکومت نے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے ایک بڑا پروگرام بنایا ہے جس کے تحت اگلے ساڑھے چار سال کے دوران پنجاب کے ہر شہری تک پینے کے صاف پانی کی رسائی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے ڈنمارک کے سفیر کی دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈنمارک کے سرمایہ کاروں کی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا بھرپور خیرمقدم کرے گا اورنہیں ترجیحی بنیادوں پرسہولتیں دی جائیں گی۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈنمارک کے سفیر جیسپر مولر سورنسن نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں ڈنمارک کی کمپنیوں کیلئے سرمایہ کاری کے زبردست مواقع موجود ہیں۔ میں ذاتی طور پر ڈنمارک کی کمپنیوں کو قابل تجدید توانائی، توانائی کے استعمال میں بہتری لانے، صحت عامہ، زراعت اور ڈیری مصنوعات کے شعبوں میں پاکستان میں موجود مواقع سے آگاہ کر رہا ہوں۔

پاکستان سے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کا مقصد پاکستان کے عوام کو مواقع کی فراہمی، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور اس کے نتیجے میں غربت میں کمی لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈنمارک ایک چھوٹا ملک ہے جس کا مکمل انحصار بیرونی دنیا سے تجارت پر ہے۔ ڈنمارک کی حکومت آزادانہ مارکیٹ پر یقین رکھتی ہے اور وہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دلانے کی زبردست حامی تھی۔

پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنا انتہائی اہم ہے جس سے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوگا اور پاکستان میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات اور توانائی، واٹر مینجمنٹ اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے خواہش مند ہیں۔ ہمیں نئی حکومت سے بہت سی توقعات ہیں،حکومت کا اصلاحاتی پروگرام قابل تعریف ہے۔ صوبائی وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق اور چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں