شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں اوورسیز کے نام سے کوٹہ رکھنے پر برہم

جمعرات 6 مارچ 2014 20:56

شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں اوورسیز کے نام سے کوٹہ رکھنے پر برہم

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں اوور سیز کے نام سے کوٹہ رکھنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تو مقابلے بازی کو فروغ دینے کا رجحان ہے ،سکیم کے قواعدو ضوابط کے تحت جو بھی میرٹ پر پورا اترتا ہے وہ درخواست دے سکتا ہے اور قرعہ اندازی میں جس کا نام نکلے گا وہ حقدار ٹھہرے گا ،وزیراعلیٰ نے ساہیوال اور فیصل آباد کی قرعہ اندازی منسوخ کرتے ہوئے دوبارہ قرعہ اندازی کی ہدایت کر دی ۔

جمعرات کے روز مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ میں آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کی قرعہ اندازی کے موقع پر بریفنگ کے دوران جب وزیر اعلیٰ کو اوور سیز کے نام سے کوٹہ کے بارے میں بتایا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس کا کیا مقصد ہے ؟، سرکاری افسران وزیر اعلیٰ کو اپنی بریفنگ سے اطمینان دلانے کی کوشش کرتے رہے لیکن وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ تو مقابلے بازی کو فروغ دینے کا رجحان ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شیخ علا ؤ الدین نے بتایا کہ بیرون ممالک سارے امیر پاکستانی نہیں بستے بلکہ وہاں چھوٹی موٹی نوکریاں کرنے والے بھی موجود ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں اسے بد نیتی قرار نہیں دے رہا لیکن سکیم کے قواعد و ضوابط کے تحت جو بھی میرٹ پر پورا اترتا ہے وہ درخواست دے سکتا ہے اور قرعہ اندازی میں جس کا نام نکلے گا وہ حقدار ٹھہرے گا اس میں اوور سیز یا کسی اور کی کوئی بات ہی نہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے اس نام سے کوٹے کو ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ساہیوال اور فیصل آباد کی قرعہ اندازی منسوخ کر دی اور دوبارہ قرعہ اندازی کرانے کا حکم دیا ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں