خصوصی افراد کی تعلیم و تربیت کے لئے مزید ادارے قائم کئے جائیں گے ‘ وزیر برائے خصوصی تعلیم پنجاب

جمعرات 6 مارچ 2014 14:07

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6مارچ 2014ء) وزیر برائے خصوصی تعلیم آصف سعید منیس نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی تعلیم و تربیت کے لئے مزید ادارے قائم کئے جائیں گے تاکہ وہ معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں ۔ وہ جمعرات کے روز یہاں گنگ محل میں عبدالحمید بھٹہ کی سماعت و گویائی سے محروم افراد کے لئے” اشاروں کی زبان میں نماز “کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر سیکرٹری خصوصی تعلیم عنبرین رضا ، ڈائریکٹر خصوصی تعلیم فاضل چیمہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ خصوصی افراد ہماری توجہ کے مستحق ہوتے ہیں ۔ یہ ہماری مذہبی واخلاقی ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی بحالی کے لئے انفرادی و اجتماعی سطح پر کوششیں کریں ۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں بھی خصوصی تعلیم کے ادارے قائم کئے جائیں گے جبکہ اداروں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ موجودہ اداروں میں جنریٹر بھی فراہم کئے جائیں گے ۔

سیکرٹری خصوصی تعلیم عنبرین رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس کتاب کو انٹر نیٹ پر بھی جاری کیا جائے گا تاکہ خصوصی افراد اس سے استفادہ کر سکیں ۔ اس موقع پر ادارے کے پرنسپل سلطان اعظم نے بھی خطاب کیا۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کیں ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں