دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے گراں قدر قربانیا ں دی ہیں جسے عالمی سطح پر بے حد سراہا جا رہا ہے‘ گورنر پنجاب ،پاکستانی فوج نے دہشت گردی ہو یا کوئی ناگہانی آفت ہمیشہ ملک و قوم کی امیدوں پر پورا اتری ہے ،پوری قوم کواپنے ان جوانوں پر ناز ہے،دہشت گردی اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، طالبان ملک میں قیام امن کیلئے پُر تشدد کاروائیاں بند کریں‘ چوہدری محمد سرور

بدھ 5 مارچ 2014 21:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مارچ۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے گراں قدر قربانیا ں دی ہیں جسے عالمی سطح پر بے حد سراہا جا رہا ہے ،پاکستانی فوج نے دہشت گردی ہو یا کوئی ناگہانی آفت ہمیشہ ملک و قوم کی امیدوں پر پورا اتری ہے اور پوری قوم کواپنے ان جوانوں پر ناز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں ملک و قوم کی خاطر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ناقابل فراموش قربانیاں دینے والے وطن کے غازیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں نوائے وقت اور نیشن کے ایڈیٹر انچیف مجید نظامی،سی پی این کے صدر اور روزنامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمان شامی، معروف کالمنسٹ ڈاکٹر اجمل نیازی اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی عزت و ناموس اور استحکام و دوام پر جب بھی کوئی لمحہ آیا ہماری بہادر افواج کے جوانوں نے اس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ملک کبھی نہیں مٹتے جن کی بنیادوں اور تعمیر میں مجاہدوں، سرفروشوں اور جانبازوں کا لہو اور ولولہ رواں دواں رہتا ہے۔ گورنر نے کہا کہ ہمیں اپنے ان نوجوان غازیوں پر فخر ہے کہ جنہوں نے اپنے جسم و جاں کی پراہ کئے بغیر ملک و قوم کی خاطر گراں قدر قربانیاں دی ہیں۔ گورنر نے کہا کہ بلاشبہ ہمارا ملک اس وقت نازک ترین دور سے گزر رہا ہے اور وقت کا تقاضا ہے کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ میں تمام سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور اہل قلم کے ساتھ ساتھ دیگر مکتبہ فکر کے لوگوں کو یکساں سوچ کے تحت مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری پاک فوج کے ساتھ ساتھ اٹھارہ کروڑ پاکستانیوں نے دہشت گردی کے خاتمے میں جو کردار ادا کیا اور کر رہے ہیں وہ اقوام عالم کے سامنے عیاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں ہمارے پچاس ہزار معصوم شہری جام شہادت نوش کر چکے ہیں اور آج بھی ہم اس عفریت کا پامردی اور بہادری کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہئے کہ پاکستان ایک امن پسند اور اس کے عوام انتہائی محبت کرنے والے لوگ ہیں جہاں دہشت گردی اور انتہاپسندی کی کوئی گنجائش نہیں۔

گورنر پنجاب نے طالبان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے یہ بھی واضع کیا کہ دہشت گردی اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، طالبان ملک میں قیام امن کے لئے پُر تشدد کاروائیاں بند کریں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہونے والے نقصانات کے ازالے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اسے معاشی طور پر مستحکم کیا جائے جس کے لئے عالمی برادری پاکستان میں کاروباری اور سیاسی سرگرمیوں کو فروغ دے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عالمی برادری سے ایڈ کی بجائے ٹریڈ کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے۔ گورنر نے دہشت گردی کے خلاف لڑنے والے فوجی جوانوں کے اہل خانہ کی ہمت اور حوصلے کی بھی داد دی کہ جنہوں نے اپنے لخت جگر کو ملک و قوم کی حفاظت کے لئے وقف کیا ہوا ہے۔تقریب سے نوائے وقت اور نیشن کے ایڈیٹر انچیف مجید نظامی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کوپاک فوج کے ان سپوتوں پر ناز ہے جنہوں نے عوام کے آنے والے بہتر کل کی خاطر اپنا آج قربان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے جوانوں اور افسروں کی پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کے لئے قربانیاں ہماری تاریخ کا ایک روشن اور اجلا باب ہیں جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود اندرونی اوربیرونی دشمنوں کی سرکوبی کے لئے ان گنت قربانیاں دیں۔اس موقع پر معروف گلوکارہ شازیہ منظور نے فوجی جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے قومی نغمہ پیش کر کے تقریب میں ایک پرجوش سماں باندھ دیا۔

بعد ازاں، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور،نوائے وقت اور نیشن کے ایڈیٹر انچیف مجید نظامی،سی پی این کے صدر اور روزنامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمان شامی نے دہشت گردی کی جنگ میں زخمی ہونے والے فوجی جوانوں اور پنجاب یوتھ فیسٹیول میں ورلڈ ریکارڈ بنا کر ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کرنے والے پاک فوج کے جوانوں میں تحائف تقسیم کئے۔ قبل ازیں، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی بھی کام نہیں اور پنجاب سکاؤٹس ایسوسی ایشن اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم  نے پاکستان کے چیف سکائٹس تھے جنہوں نے ہمیشہ نوجوانوں کے حوصلوں اور ان کی صلاحیتوں کے اضافے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سکاؤٹس آج بھی تاریخی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے نوجوانوں کی رہنمائی اور معاشرے کی خدمت پر مامور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قدرتی آفت ہو یا ہنگامی صورتحال سکاؤٹس کا کردار نہ صرف قابل تعریف رہا ہے بلکہ قابل تقلید بھی ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات میں نوجوانوں کا کردار اور بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے اور انہیں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے پہلے سے زیادہ بڑے عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن نوجوانوں میں نہ صرف آگے بڑھنے کی تحریک پیدا کرتی ہے بلکہ اُنہیں ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط بھی کرتی ہے تا کہ وہ قومی ترقی کے عمل میں اپنا موٴثر کردار ادا کر سکیں۔

تقریب سے چیف کمشنر پاکستان بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن عبدالکریم بلوچ، اور سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب عبدالجبار شاہین نے بھی خطاب کیا اور سکاؤٹس کی تربیت اور صلاحیتوں میں اضافے کے لئے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں بتایا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے صوبائی کمشنر پنجاب بوائز سکاؤٹس کا حلف بھی اٹھایا۔ چیف کمشنر پاکستان بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن عبدالکریم بلوچ نے گورنر پنجاب سے صوبائی کمشنر پنجاب بوائز سکائٹس کا حلف لیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں