وزیراعلیٰ پنجاب سے نیسلے کمپنی کے وفد کی ملاقات، صاف پانی پراجیکٹ، لائیوسٹاک اور ڈیری فارمنگ کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال

بدھ 5 مارچ 2014 17:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5مارچ 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے ایک بڑے پروگرام پر عمل پیرا ہے،صاف پانی پراجیکٹ کے تحت صوبے بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے، رواں برس مفاد عامہ کے اس منصوبے پر 12ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں، صاف پانی پراجیکٹ کے تحت آئندہ ساڑھے 4برس تک صوبے کے ہر شہری تک صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، نیسلے کمپنی صاف پانی پراجیکٹ، لائیوسٹاک اور ڈیری فارمنگ کے شعبوں میں تعاون کا جائزہ لے۔

یہ بات انہوں نے نیسلے کمپنی کے ایگزیکٹو نائب صدرڈورسے ویمے نندکی شور سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر صنعت چودھری محمد شفیق ، معاون خصوصی لائیوسٹاک چودھری ارشد جٹ، سیکرٹری لائیوسٹاک، سیکرٹری صنعت، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ، نیسلے پاکستان وافغانستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہو ئے کہاکہ شہریوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لئے صاف پانی کی فراہمی بے حد ضروری ہے اسی مقصد کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صوبے میں صاف پانی کی فراہمی کا بڑا پروگرام بنایاہے۔

شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے اور ہم یہ ذمہ داری نبھائیں گے اور شہریوں کا پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا بنیادی حق انہیں دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ صاف پانی پراجیکٹ کو قومی جذبے کے تحت برق رفتاری سے آگے بڑھایا جائے گا۔نیسلے کمپنی صاف پانی پراجیکٹ کے منصوبے میں پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا جائزہ لے سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ لائیوسٹاک اور ڈیری فارمنگ کے شعبے کو معیشت میں بنیادی اہمیت حاصل ہے اور ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع موجود ہیں۔ نیسلے کمپنی ڈیری فارمنگ اور لائیوسٹاک کے شعبے میں بھی تعاون کر سکتی ہے۔نیسلے کمپنی کے ایگزیکٹو نائب صدر نے اس موقع گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت کے ساتھ صاف پانی پراجیکٹ، لائیوسٹاک او رڈیری فارمنگ کے شعبوں میں تعاون کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو سوئٹزر لینڈ میں نیسلے کمپنی کے ہیڈ آفس کے دورے کی بھی دعوت دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں