ہسپتالوں کا فضلہ بیماریوں کو جنم دے رہا ہے،تمام متعلقہ محکموں کو مربوط حکمت عملی اپنانا ہو گی‘ مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت ،تمام متعلقہ محکموں کا اجلاس آئندہ چند دنوں میں بلایا جائے گا،ہیلتھ وکرز کی ویکسینیشن کیلئے اقدامات کئے جائینگے‘ خواجہ سلمان رفیق

منگل 4 مارچ 2014 22:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مارچ۔2014ء) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ہسپتالوں کا خطرناک فضلہ بیماریوں کو جنم دے رہا ہے، اس مسئلہ کو حل کرنے کے تمام متعلقہ محکموں کو مربوط حکمت عملی اپناتے ہوئے اقدامات کرنا ہوں گے، آئندہ چند روز میں محکمہ صحت، ماحولیات،لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا جس میں اس مسئلہ کے حل کے لئے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات منگل کے روز یہاں ہیلتھ سروسز اکیڈمی اسلام آباد،عالمی ادارہ صحت اور محکمہ صحت پنجاب کے مشترکہ تعاون سے سرکاری ہسپتالوں کے ہیلتھ منیجرز،نرسز اور سینٹری انسپکٹرز کے لئے 2 روزہ ہاسپیٹل ویسٹ مینجمنٹ ورکشاپ کے اختتام اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ورکرز اور دیگر عملہ کوانفکیشن سے بچانے کے لئے حفاظتی اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے اور ہیپا ٹائٹس کی ویکسینیشن بھی کرائی جائے گی۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہاسپیٹل ویسٹ مینجمنٹ کے سلسلہ میں 2 روزہ ورکشاپ میں ورکنگ گروپ کی طرف سے تیار کردہ سفارشات پر اعلی سطح پر غور کیا جائے گا اور ان سفارشات کو پالیسی کا حصہ بنایاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کا کوڑا کرکٹ تلف کرنے کے لئے تمام اضلاع میں بڑے پیمانے پر کام کرنے کی ضرورت ہے اس سسٹم کی خرابیوں کو دور کرنے کے لئے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر محکمہ صحت میں وسیع پیمانے پر اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں جس سے محکمہ صحت پنجاب کا قبلہ درست کرنے میں بہت مدد ملے گی۔ اختتامی اجلاس سے ہیلتھ سروسز اکیڈمی اسلام آباد کے ڈاکٹر رمیش کمار،ڈائریکٹرپنجاب ہیپا ٹائٹس کنٹرول پروگرام ڈاکٹر ذوالفقار قریشی،ہیلتھ ایجوکیشنسٹ عثمان غنی،ایم ایس گورنمنٹ سید مٹھا ہسپتال ڈاکٹر حق نواز بھروانہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ بعدازاں خواجہ سلمان رفیق نے ورکشاپ کے شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں