پنجاب یوتھ فیسٹیول پیرا اولمپک مقابلے،فوجی جوانوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ،قومی خدمات کے دوران معذور ہونیوالے فوجی جوانوں کیلئے پنجاب سٹیڈیم میں کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا،فٹ بال میچ میں آرمی وائیٹ نے آرمی ریڈ کو شکست دی،100 میٹر بلیڈ ریس محمد یاسین نے جیت لی، وہیل چیئر ریس میں رحمت کریم کامیاب ،پاک آرمی کے غازیوں پر فخر ہے جنہوں نے جنگ کے میدانوں،کھیل کے گراؤنڈز میں کارنامے سرانجام دیئے‘ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور

منگل 4 مارچ 2014 20:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مارچ۔2014ء) قومی خدمات کے دوران معذور ہونے والے غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پنجاب یوتھ فیسٹیول میں پیرا لمپک گیمز کا انعقاد کیا گیا۔ پنجاب سٹیڈیم میں ہونے والے اس ایونٹ میں اپنے ا عضاء کی قربانی دینے والے فوجی جوانوں کے مابین بیساکھی ریس ، وہیل چیئر ریس ، تیر اندازی اور فٹبال کے مقابلے ہوئے۔

تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چودھری محمد سرور تھے اس موقع پر رینجرزکے بینڈ نے خوبصورت ڈرل کا مظاہرہ کیا۔ کھیلوں کا آغاز فٹبال میچ سے ہوا جس میں آرمی وائیٹ نے آرمی ریڈ کو ایک گول سے شکست دیدی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے واحد گول نصیر نے کیا۔100 میٹر بلیڈ ریس میں 5 کھلاڑیوں کے مابین مقابلہ ہوا جس میں محمد یاسین نے گولڈ میڈل حاصل کیا نور شاد دوسرے اور عاطف بشیر تیسرے نمبر پر رہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح 100 میٹر بیساکھی ریس میں عارف حسین پہلے جبکہ ظہیر عباس دوسرے اور محمد اشفا ق تیسرے تیسرے نمبر پر رہے۔ 50 میٹر وہیل چیئر ریس میں رحمت کریم پہلے عاطف بشیر دوسرے اور عمر فاروق تیسرے نمبرپر رہے۔گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ مجھے پاکستان آرمی کے ان غازیوں پر فخر ہے جنہوں نے جنگ کے میدانوں کے بعد کھیلوں کے گراؤنڈز میں بھی کارنامے سرانجام دئیے۔

انہوں نے کہاکہ میں نے دنیا کے متعدد ممالک میں ایسے ایونٹس دیکھے ہیں لیکن پاکستانیوں کا جذبہ قابل دید ہے۔ انہوں نے پاکستان آرمی کو سراہتے ہوئے کہاکہ جنگوں میں معذوری کے بعد انہیں گھر میں بٹھانے کی بجائے جوانوں کو صحت مند سرگرمیوں میں شمولیت کا موقع فراہم کیا۔ گورنر پنجاب نے اختتامی تقریب میں حصہ لینے والے پاک آرمی کے چاک و چوبند دستے کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ایونٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں نے پنجاب یوتھ فیسٹیول کا انعقاد کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس کا تواتر کے ساتھ انعقاد کیا جائے تاکہ انہیں اپنے جوہر دکھانے کا موقع مل سکے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں