حکومت اور سکیورٹی ایجنسیاں بیرونی تخریب کاروں کے خلاف کوئی اطمینان بخش کاروائی کرنے میں ناکام رہی ہیں‘ قائمقام امیر جماعت اسلامی ،ریمنڈ ڈیوس کو سرکاری پروٹوکول کے ساتھ فرار نہ کرایا جاتا تو بلیک واٹر کے نیٹ ورک کو توڑکر دہشتگردی کی وارداتوں کو ناکام بنایا جاسکتا تھا ،حالیہ کارروائی میں یقینابیرونی دشمن ملوث ہے ،دشمن قوتیں ملک میں قیام امن کا راستہ روکنے کیلئے ہر حربہ استعمال کریں گی‘ چوہدری محمد اسلم سلیمی

منگل 4 مارچ 2014 20:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مارچ۔2014ء) قائم مقام امیر جماعت اسلامی چوہدری محمد اسلم سلیمی نے کہاہے کہ حکومت نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعہ میں ملوث گروہ کی نشاندہی طالبان کے ذمہ ڈال کر اپنی ذمہ داری سے پہلو تہی کی ہے،حکومت اور سکیورٹی ایجنسیاں بیرونی تخریب کاروں کے خلاف کوئی اطمینان بخش کاروائی کرنے میں ناکام رہی ہیں،عوام عدم تحفظ کاشکار ہیں،سکیورٹی اداروں اور حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا،دہشت گردی کے ہرواقعہ کو طالبان کے کھاتے میں ڈال کر سیکیورٹی ادارے اپنے فرض سے سبکدوش ہوجاتے ہیں ،پورا ملک ’را‘’سی آئی اے ‘اور بلیک واٹر کی دہشت گردی کا اکھاڑہ بنا ہوا ہے ،ہزاروں تخریب کار بغیر کسی شناختی دستاویز کے شہروں میں دندناتے پھرتے ہیں،جنہیں وی وی آئی پیز کا پروٹوکول دیکر قومی معاملات میں دخل اندازی کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کو سرکاری پروٹوکول کے ساتھ فرار نہ کرایا جاتا تو بلیک واٹر کے نیٹ ورک کو توڑکر دہشت گردی کی بہت سی وارداتوں کو ناکام بنایا جاسکتا تھا ،امریکی بھارتی آلہ کاروں کا راستہ روکنے کیلئے قومی اداروں اور حساس تنصیبات کی سیکیورٹی کا ازسر نو جائزہ لینا ہوگا۔ دشمن قوتیں ملک میں قیام امن کا راستہ روکنے کیلئے ہر حربہ استعمال کریں گی ۔

چوہدری محمد اسلم سلیمی نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے،لیکن حکومت ابھی تک اپنی اس ذمہ داری کو پورا کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے ،بدامنی اور انتشار نے ہر شہری کو پریشان کر رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی اداروں کو اپنا رویہ بدلنا اور بیرونی دباؤ سے باہر نکلناچاہیے۔چوہدری محمد اسلم سلیمی نے کہاکہ طالبان نے جنگ بندی یکطرفہ اور پورے خلوص کے ساتھ کی ہے ۔ حکومت کو ان پر اعتماد اور سیکورٹی ایجنسیوں کو متحرک کرنا چاہیے ۔ حالیہ کاروائی میں یقیناً بیرونی دشمن ملوث ہے جو پاکستان میں امن و امان قائم ہوتا نہیں دیکھنا چاہتا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں