پنجاب حکومت اور چینی گروپ کے درمیان حلال فوڈ اور لائیوسٹاک کے فروغ میں تعاون پر اتفاق،پاکستان اور چین کو لائیوسٹاک اور حلا ل فوڈ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے‘ وزیراعلیٰ پنجاب، دنیا بھر میں حلال فوڈ کی مانگ بڑھ رہی ہے،پاکستان چین کو حلال فوڈ برآمد کرکے کثیر زرمبادلہ کما سکتا ہے‘ چینی وفد سے گفتگو

منگل 4 مارچ 2014 19:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو لائیوسٹاک کے شعبے میں بین الاقوامی سطح پر اہم مقام حاصل ہے اور ڈیری اور گوشت کے شعبے کو فروغ دے کر قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے، پاکستان میں لائیوسٹاک میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان اور چین عظیم دوستانہ تعلقات میں بندھے ہوئے ہیں۔

دونوں ملکوں کو لائیو سٹاک اور حلا ل فوڈ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔وہ منگل کے روز یہاں سی سی پی آئی ٹی چنگھائی گروپ کے چیئرپرسن وینگ چی ہوئی کی قیادت میں حلا ل فوڈ، لائیوسٹاک اور کارپٹ انڈسٹری سے وابستہ چینی وفدسے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔صوبائی وزرأ چودھری محمد شفیق، ڈاکٹر فرخ جاوید، بلال یاسین،معاون خصوصی ارشد جٹ ،متعلقہ سیکرٹریز اور پاکستان کارپٹ مینوفیکچرز اور ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اختر نذیر خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرپنجاب حکومت اور چینی گروپ کے درمیان حلال فوڈ اور لائیوسٹاک کے فروغ میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ دنیا بھر میں حلال فوڈ کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔اسی تناظر میں لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ سلاٹر ہاؤس قائم کیا گیا ہے۔پاکستان چین کو حلال فوڈ برآمد کرکے کثیر زرمبادلہ کما سکتا ہے۔وزیراعلیٰ نے چین کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کا اعلیٰ سطح کا وفدچنگھائی میں حلال فوڈ کی نمائش میں حصہ لے گااورلائیوسٹاک اورحلال فوڈکے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

سی سی پی آئی چنگھائی گروپ کے چیئرپرسن وینگ چی ہوئی نے وزیراعلیٰ کو دورہ چین کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ساتھ حلال فوڈ اور لائیوسٹاک میں تعاون کے خواہاں ہیں۔پنجاب کے ساتھ لائیوسٹاک اور حلال فوڈ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے جلد معاہدہ کیا جائے گا۔ انہوں نے لائیوسٹاک کے شعبے کی ترقی کیلئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں بین الاقوامی معیارکا سلاٹر ہاؤس قائم کیا ہے جہاں جدید طریقوں سے گوشت کی پروسیسنگ کا کام ہو رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں