جھنگ کے ضمنی الیکشن میں ہوائی فائرنگ ،وزیراعلیٰ کا سخت نوٹس، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو معطل کرنے کاحکم ،پنجاب بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت،پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں،داخلی اور خارجی راستوں کی سخت مانٹیرنگ کی جائے، 2 ہزار پولیس اہلکارو ں پر مشتمل خصوصی پروٹیکشن یونٹ بنانے کا فیصلہ،پنجاب میں ہوائی فائرنگ کا کوئی واقعہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا‘ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب

منگل 4 مارچ 2014 19:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان قائم رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، حساس عمارات اور مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے،پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے، صوبے کے داخلی اور خارجی راستوں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے، مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔

سکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔وہ منگل کے روز یہاں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر کرنل (ر) شجاع خانزادہ، معاون خصوصی رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں 2 ہزار پولیس اہلکارو ں پر مشتمل خصوصی پروٹیکشن یونٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ پولیس امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے کیلئے جانفشانی سے فرائض سرانجام دے۔ سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔ امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے میں خود ہفتے میں 2 باراجلاس کی صدارت کروں گا۔ امن و امان کی بہتری کیلئے پہلے بھی وسائل فراہم کئے ہیں، آئندہ بھی مہیا کریں گے لیکن متعلقہ اداروں کو قومی وسائل کا ذمہ داری کے ساتھ استعمال یقینی بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا جا رہا ہے۔ پنجاب میں دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کیلئے انسداد دہشت گردی فورس کی تشکیل کا عمل تیزی سے جاری ہے اور محکمہ انسداد دہشت گردی کے علاقائی دفاتر قائم کرنے کیلئے مقامات کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کابینہ کمیٹی صوبے کے دور دراز علاقوں میں داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی انتظامات کا خود موقع پر جا کر جائزہ لے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خصوصی پروٹیکشن یونٹ میں تعینات پولیس اہلکاروں کی جدید تربیت کا اہتمام کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران جھنگ کے ضمنی الیکشن میں ہوائی فائرنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی کہ واقعہ میں ملوث تمام افراد کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو معطل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ہوائی فائرنگ کا کوئی واقعہ کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ پولیس کے ساتھ انتظامیہ بھی ہوائی فائرنگ کرنے والو ں کے خلاف موثر قانونی کارروائی کرے۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں