طالبان کی طرف سے جنگ بندی کے بعد دہشتگردی سے ثابت ہو گیا ملک دشمن قوتیں کھل کر سامنے آ گئی ہیں ‘ منور حسن،یہ بات عیاں ہو چکی تخریب کاری کے پیچھے ” را“ ، ”سی آئی اے “اور ”بلیک واٹر “ کے علاوہ کسی کا ہاتھ نہیں ہوسکتا ‘ امیر جماعت اسلامی

پیر 3 مارچ 2014 22:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3مارچ۔2014ء) امیر جماعت اسلامی سیدمنورحسن نے اسلام آباد کچہری میں دہشتگردی کے المناک واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ طالبان کی طرف سے جنگ بندی کے بعد وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے واقعہ سے ثابت ہو گیاہے کہ ملک دشمن قوتیں کھل کر سامنے آ گئی ہیں اور وہ ملک میں امن قائم کرنے کی کوششوں کو ہر صورت ناکام بنانا چاہتی ہیں ۔

اپنے ایک بیان میں سیدمنور حسن نے کہاکہ جس طرح چند ماہ قبل مذاکرات کی پیشکش کرنے پر حکیم اللہ محسود کو ڈرون حملے کا نشانہ بنا کر مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کر دیا گیا تھا ، اسی طرح طالبان کی طرف سے جنگ بندی کے اعلان او رمذاکرات کو یقینی بنانے کے بعد امن دشمن قوتیں پوری طرح متحرک ہو چکی ہیں اور انہو ں نے اسلام آباد کو خون میں نہلا دیا ہے اور سازشی عناصر طالبان کی اس وضاحت کہ وہ اس میں ملوث نہیں ہیں کے باوجود دہشتگردی کے اس واقعہ کے مجرم طالبان کو ٹھہرانے کے لیے پورا زور لگا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اب یہ بات عیاں ہو چکی ہے کہ ملک میں تخریب کاری کے پیچھے موجود بھارتی و امریکی لابی اور ” را“ ، ”سی آئی اے “اور ”بلیک واٹر “ کے علاوہ کسی کا ہاتھ نہیں ہوسکتا ۔ انہو ں نے کہاکہ حکومتی اداروں اور سیکورٹی ایجنسیوں کو انتہائی چوکس اور ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔ مذاکراتی عمل کا دوبارہ آغاز امن دشمن قوتوں کو کسی صورت گوارا نہیں ۔

وہ قیام امن کی ہر کوشش کو ناکام بنانے اور ملک کو انتشار و انارمیں دھکیلنے کے لیے تمام ہتھکنڈے آزمائیں گے ۔ سیدمنورحسن نے کہاکہ طالبان کی طرف سے جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کو شریعت کی خلاف ورزی قرار دینے کے بعد اپوزیشن لیڈر کی طرف سے طالبان پر شک و شبہ کا اظہار کرنا درست نہیں ۔ حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ افواہوں پر کان دھرنے کی بجائے دہشتگردی کے حالیہ واقعات کے پیچھے اصل طاقتوں کو بے نقاب کرے اور مجرموں کا سراغ لگا کر دہشتگردی کا قلع قمع کرے ۔

انہوں نے کہاکہ اگر اس مرحلہ پر دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب ہو گیا تو ملک بدامنی اور دہشتگردی کی ایسی دلدل میں پھنسے گا کہ امن و امان کا قیام خواب بن جائے گا۔سیدمنورحسن نے اس واقعہ میں جاں بحق ہونے والے جج، وکلا اور شہریوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیاہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں