وزیراعلیٰ پنجاب سے جنوبی افریقہ کے ہائی کمشنر کی ملاقات،کان کنی اوردیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق،حکومت ملک میں موجود کوئلے کے وسیع ذخائر کو استعمال میں لانا چاہتی ہے ،جنوبی افریقہ کوئلے کی کان کنی میں تعاون کرسکتا ہے‘ شہباز شریف،پاکستان میں کان کنی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع موجود ہیں،جنوبی افریقہ کے سرمایہ کار فائدہ اٹھاسکتے ہیں،جنوبی افریقہ کے رہنما نیلسن منڈیلا نے امن کے فروغ کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں‘وزیراعلیٰ کی جنوبی افریقہ کے ہائی کمشنر سے گفتگو

پیر 3 مارچ 2014 21:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3مارچ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں کان کنی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع موجود ہیں، پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے ساز گار ماحول پیدا کیا گیا ہے ، بیرونی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں دی جارہی ہیں، پاکستان کے علاقے تھر میں کوئلے کے وسیع ذخائر موجود ہیں، پنجاب معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے اوریہاں بھی کوئلے کے بڑے ذخائر موجود ہیں۔

جنوبی افریقہ کے سرمایہ کارکان کنی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھر پورفائدہ اٹھا سکتے ہیں۔یہ بات انہوں نے سوموار کے روز پاکستان میں جنوبی افریقہ کے ہائی کمشنر مینڈلوکمالو سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال اور کان کنی و دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

صوبائی وزیر معدنیات شیر علی خان ،سیکرٹری معدنیات اورچیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے جنوبی افریقہ کے ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورجنوبی افریقہ کے مابین دوستانہ تعلقات موجود ہیں تاہم ضرورت اس امر کی کہ دونوں ممالک کے تجارتی اوراقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں موجو کوئلے کے وسیع ذخائر کو استعمال میں لانا چاہتی ہے ۔جنوبی افریقہ کوئلے کی کان کنی اوردیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو درپیش توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادو ں پر اقدامات کررہی ہے ۔متعدد ملکی و غیر ملکی توانائی کی کمپنیوں سے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے معاہدے کیے گئے ہیں۔

پنجاب حکومت نے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کے لیے ایک بڑے پروگرام کا اعلان کیا ہے ۔انہوں نے جنوبی افریقہ کے لیڈر نیلسن منڈیلا کی فرو غ امن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیلسن منڈیلا ایک مدبر رہنما تھے جنہوں نے امن کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔جنوبی افریقہ کے ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کان کنی اوردیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے تیار ہیں۔دونوں ممالک کے مابین عوامی رابطے بڑھانے کی بھی ضرورت ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں