ٹوٹے ہوئے موگہ جات کی درستگی کیلئے فیلڈ عملے کونہروں پر پٹرولنگ کا نظام مزید فعال کر نے کی ہدایت کر دی ‘ وزیر آبپاشی،محکمہ آبپاشی کی سروس ڈیلیوری کو بہتر کرنے کیلئے ماہانہ بنیادوں پر چیف انجینئرز کانفرنس منعقد ہوا کریگی‘میاں یاور زمان

اتوار 2 مارچ 2014 17:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مارچ۔2014ء)صوبائی وزیر آبپاشی وچیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ ٹوٹے ہوئے موگہ جات کی درستگی کے لئے فیلڈ عملے کونہروں پر پٹرولنگ کا نظام مزید فعال کر نے کی ہدایت کر دی گئی ہے تاکہ ٹیلوں تک پانی کی ترسیل بہتر ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ موگوں کی درستگی سے تمام آبپاشگان یکساں طور پر مستفید ہوں گے جس سے پیداوار میں اضافہ ہو گا۔

یہ بات انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر کسان تنظیموں کے وفد سے ملاقات میں کہی۔وفد کی قیادت رانا محمد اسلم کررہے تھے۔ صوبائی وزیرنے گفتگو کے دوران بتایا کہ صوبہ بھر میں محکمہ آبپاشی کے فیلڈ دفاتر کودی جانے والی ہدایات کے مطابق سب انجینئرز ماہانہ بنیادوں پر اپنی نہروں کے موگہ جات کا سروے کریں گے جبکہ متعلقہ ایس ڈی اوز ان چیک شدہ موگہ جات کے دس فیصد کا معائنہ کرنے کے پابند ہوں گے۔

(جاری ہے)

میاں یاور زمان نے کسان نمائندگان کو آگاہ کیا کہ پانی چوری کی موثر روک تھام اور مو گہ جات کی تعمیر ومرمت یقینی بنانے کے لئے زونل چیف انجینئرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ آبپاشی کی سروس ڈیلیوری کو بہتر کرنے کے لئے ماہانہ بنیادوں پر چیف انجینئرز کانفرنس منعقد ہوا کرے گی جس میں فیلڈعملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ افسران و اہلکاران کی کارکردگی متعلقہ کسانوں کے اطمینان سے مشروط ہو گی۔ اس موقع پر کسان نمائندگان نے صوبائی وزیر کوبتایا کہ وہ نہروں کی حالت بہتر کرنے میں محکمہ آبپاشی وپیڈا کے عملے سے مل کر کام کررہے ہیں۔ وفد نے یقین دلایا کہ ٹوٹے ہوئے موگہ جات کی درستگی کے لئے بھرپور کاوشیں عمل میں لائی جائیں گی تاکہ تمام کسان نہری پانی سے یکساں مستفید ہو سکیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں