جمشید دستی نے پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر سنگین الزامات لگائے ،سستی شہرت کیلئے سکینڈلز بنانے میں بھی مشہور ہیں ، اسپیکر قومی اسمبلی، شواہد پیش کرنے کیلئے خط لکھ دیا ہے،ثبوت فراہم کئے گئے تو سخت ایکشن لوں گا،عدم فراہمی پر فیصلہ ایوان کریگا،کوئی رکن اپنے کمرے میں کیا کچھ کرتا ہے اس سے سروکار نہیں ،ارکان پارلیمنٹ کا میڈیکل ٹیسٹ نہیں کرایا جائیگا،18لاکھ لوگ تھیلیسیما اور بلڈ کینسر میں مبتلا ہیں ،شادی سے قبل ٹیسٹ کرانے کو لازمی قرار دینے کیلئے قانون پاس کرایا جائیگا ،کرکٹ اور بیڈ منٹن کھیلنے کا بہت شوق تھا اسی لئے میری گگلی نے عمران خان کو کلین بولڈ کر دیا‘ سردار ایاز صادق

ہفتہ 1 مارچ 2014 22:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1مارچ۔2014ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ جمشید دستی نے پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر سنگین الزامات لگائے گئے ہیں لیکن وہ سستی شہرت کے لئے سکینڈلز بناتے رہتے ہیں اور میڈیا میرے سے بہتر جانتا ہے ، شواہد پیش کرنے کیلئے جمشید دستی کو خط لکھ دیا ہے اگر ثبوت فراہم کئے گئے تو سخت ایکشن لوں گا اور اگر وہ ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے تو انکے خلاف فیصلہ ایوان کرے گا، پیر سے پارلیمنٹ میں قومی سلامتی پالیسی کی دستاویز پر بحث کا آغاز ہوگا،18لاکھ لوگ تھیلیسیما اور بلڈ کینسر میں مبتلا ہیں ،شادی سے قبل ٹیسٹ کرانے کو لازمی قرار دینے کیلئے قانون پاس کرایا جائیگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز پنجاب یونیورسٹی ہیلے کالج آف کامرس کے سالانہ کانووکیشن 2013سے خطاب کر اور بعد ازاں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران، سینیٹر ڈاکٹر جہانگیر بدر، پرنسپل ہیلی کالج آف کامرس پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر امین اطہر، سینئر فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک اس وقت دہشتگردی کا شکار ہے ، میڈیا سستی شہرت کے بھوکوں کی خبروں کو زینت نہ بنائے ۔ارکان پارلیمنٹ پر الزامات لگانے سے پہلے جمشید دستی کواپنے گریبان میں جھانکنا چایئے تھا ۔جمشید دستی کے بارے میں میڈیا بہت اچھی طرح جانتا ہے وہ گدھا گاڑی پر بیٹھ کر سستی شہرت حاصل کرنے والے آدمی ہیں، لاجز سے نکلنے یا داخل ہونے والی خواتین کسی کی بہن، بیٹی یا بیوی بھی ہو سکتی ہیں، جمشید دستی سب کو ایک صف میں شامل نہ کریں، انہیں اگر کسی کے خلاف شکایت تھی تو وہ نام لے کر ثبوتوں کے ساتھ بتاتے۔

سردار صادق ایاز کا کہنا تھا کہ کوئی بھی رکن پارلیمنٹ اپنے کمرے میں کیا کچھ کرتا ہے اس سے انہیں کوئی سروکار نہیں نہ ہی وہ کوئی کارروائی کریں گے البتہ کمرے سے باہر اگر کوئی غیر اخلاقی حرکات میں ملوث پایا گیا تو وہ یقین دلاتے ہیں کہ کارروائی ضرور کریں گے تاہم اس سلسلے میں ارکان پارلیمنٹ کا میڈیکل ٹیسٹ نہیں کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمشید دستی کو ثبوت پیش کرنے کے لیے گزشتہ روزنوٹس مل چکا ہے لیکن وہ ابھی تک ان کے پاس نہیں آئے، اگر جمشید دستی نہ آئے تو مزید 2 نوٹسز بھیجے جائیں گے اس کے بعد ایوان خود فیصلہ کرے گا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے حکومتی پالیسی آ گئی ہے ۔ پیر سے ایوان میں قومی سلامتی پالیسی پر بحث کی جائے گی اور جو بھی اس پر بات کرنا چاہے اسکی اسے اجازت ہو گی ۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ موجودہ حالات میں پوری قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے اور موجودہ حکومت نیک نیتی سے مسائل کے حل اورخصوصاً دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے عمل پیرا ہیں۔

توانائی بحران کے حل کیلئے وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں حکومت دن رات ایک کئے ہوئے ہے او رانشا اللہ عوام کو بحرانوں سے نجات دلائیں گے۔قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے اورعملی زندگی میں جانے والے طلباء و طالبات پر ملک کو چلانے کی ذمہ داری ہے لہٰذاوہ اپنے اداروں میں حاصل کئے گئے علم سے ذیادہ سے ذیادہ استفادہ کریں۔

۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ خوشی ہے کہ ان کے ادارے میں اب پہلی مرتبہ ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام شروع ہوئے ہیں۔ ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہیلی کالج میں پڑھنے کے دوران وہ والد صاحب کے ساتھ کام بھی کرتے تھے پڑھائی میں درمیانے درجے کے طالبعلم تھے مگر بہترین کھلاڑی تھے اور کرکٹ اور بیڈ منٹن کھیلنے کا بہت شوق تھا اسی لئے ان کی گگلی نے عمران خان کو کلین بولڈ کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہیلے کالج آف کامرس ایسی عظیم مادر علمی سے حاصل ہونے والے علم کی روشنی میں پارلیمنٹ ہاؤس کی بہتری کے لئے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں وہ خود کو دوسروں کے لئے مثال بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت چین کی تعاون سے نیشنل اسمبلی دنیا کی پہلی ماحولیاتی اعتبار سے گرین پارلیمنٹ بنے گی جس پر 6 ملین ڈالر صرف ہوں گے اور سارا پیسہ چینی حکومت فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کی بچت کے لئے ایل ای ڈی لائیٹس کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا انفراسٹرکچر بہتر بنانے کے لئے یورپی یونین اور یو این ڈی پی فنڈز فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری معاملات کی شفافیت کے لئے ای گورننس کی طرف جایا جا رہا ہے اب فائلیں تاخیر کا شکار نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستان کی 28 یونیورسٹیوں کو پارلیمنٹ سے متعلق کورس متعارف کرانے کے لئے خطوط لکھے ہیں۔

علاوہ ازیں انہوں نے سندس فاؤنڈیشن کا بھی دورہ کیا ۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ ملک میں اس وقت 18لاکھ لوگ تھیلیسیما اور بلڈ کینسر میں مبتلا ہیں ،ایسے امراض کی روک تھام کیلئے شادی سے قبل ٹیسٹ کرانے کو لازمی قرار دینے کیلئے اسمبلی سے قانون پاس کرایا جائے گا ،پاکستان میں بہت سے ایسے مخیر لوگ ہیں جو فلاحی کاموں کیلئے خرچ کرنا چاہتے ہیں بشرطیکہ انکے دئیے ہوئے پیسے کا صحیح استعمال کیا جائے ، اگر ہم ایک جان بھی بچا سکیں تو سمجھیں گے کہ ہمارا دنیا میں آنے کا مقصد پورا ہو گیا ہے ۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے تھیسلسیمیا اور بلڈ کینسر میں مبتلا بچوں سے ملاقات بھی کی ۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن جس طرح سے تھیلسیمیا اور بلڈ کینسر میں مبتلا بچوں کیلئے کام کررہے ہیں یہ انتہائی قابل تحسین ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں