کرکٹ اور بیڈ منٹن کھیلنے کا بہت شوق تھا اسی لئے میری گگلی نے عمران خان کو کلین بولڈ کر دیا‘ سردار ایاز صادق،چین کے تعاون سے نیشنل اسمبلی دنیا کی پہلی ماحولیاتی اعتبار سے گرین پارلیمنٹ بنے گی جس پر 6 ملین ڈالر صرف ہونگے‘اسپیکر قومی اسمبلی

ہفتہ 1 مارچ 2014 20:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1مارچ۔2014ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے اورعملی زندگی میں جانے والے طلباء و طالبات پر ملک کو چلانے کی ذمہ داری ہے لہٰذاوہ اپنے اداروں میں حاصل کئے گئے علم سے ذیادہ سے ذیادہ استفادہ کریں۔وہ پنجاب یونیورسٹی ہیلے کالج آف کامرس کے سالانہ کانووکیشن 2013سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران، سینیٹر ڈاکٹر جہانگیر بدر، پرنسپل ہیلی کالج آف کامرس پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر امین اطہر، سینئر فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ خوشی ہے کہ ان کے ادارے میں اب پہلی مرتبہ ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام شروع ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہیلی کالج میں پڑھنے کے دوران وہ والد صاحب کے ساتھ کام بھی کرتے تھے پڑھائی میں درمیانے درجے کے طالبعلم تھے مگر بہترین کھلاڑی تھے اور کرکٹ اور بیڈ منٹن کھیلنے کا بہت شوق تھا اسی لئے ان کی گگلی نے عمران خان کو کلین بولڈ کر دیا۔انہوں نے کہا کہ وہ ہیلے کالج آف کامرس ایسی عظیم مادر علمی سے حاصل ہونے والے علم کی روشنی میں پارلیمنٹ ہاؤس کی بہتری کے لئے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں وہ خود کو دوسروں کے لئے مثال بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ان کا پروٹوکول محدود ہے نہ تو مہنگے سویٹس میں رہتے ہیں اور نہ ہی اے کلاس میں سفر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنیوا میں انہوں نے ہوٹل کے 800 یورووالے کمرے میں رہنے کی بجائے 200 یورو والے کمرے میں رہنا پسند کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چین کی تعاون سے نیشنل اسمبلی دنیا کی پہلی ماحولیاتی اعتبار سے گرین پارلیمنٹ بنے گی جس پر 6 ملین ڈالر صرف ہوں گے اور سارا پیسہ چینی حکومت فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کی بچت کے لئے ایل ای ڈی لائیٹس کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا انفراسٹرکچر بہتر بنانے کے لئے یورپی یونین اور یو این ڈی پی فنڈز فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری معاملات کی شفافیت کے لئے ای گورننس کی طرف جایا جا رہا ہے اب فائلیں تاخیر کا شکار نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پاکستان کی 28 یونیورسٹیوں کو پارلیمنٹ سے متعلق کورس متعارف کرانے کے لئے خطوط لکھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بطور سپیکر وہ مکمل طور پر غیر جانبدار ہیں اور تمام ممبران کے نمائندے ہیں۔ انہوں نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ بھی محنت کرکے صدر ، وزیر اعظم ، سپیکر اور وہ سب کچھ بن سکتے ہیں جو وہ چاہتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ وسائل سے نواز رکھا ہے مگر ہماری تمام مشکلات اور مصائب کی بنیادی وجہ اس قرآنی حکم سے انحراف ہے جس میں ہمیں علم اور قلم سے رجوع کرنے ہدایت کی گئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں