آئی ایم ایف سے قرضے کی ریاست کو نہیں بلکہ حکمرانوں کو ضرورت ہے‘ چیئرمین پاکستان ایگری فورم

جمعہ 28 فروری 2014 15:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28فروری 2014ء) پاکستان ایگری فورم کے چیئرمین ڈاکٹر ابراہیم مغل نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرضے کی ریاست کو نہیں بلکہ حکمرانوں کو ضرورت ہے،آئی ایم ایف سے لئے گئے قرض کا ایک بھی ڈالر غیر ترقیاتی اخراجات پر خرچ نہیں ہونا چاہیے ، ملک آج کل ان حالات سے گزر رہا ہے کہ اگر یہاں چھ ماہ کیلئے معاشی ایمر جنسی لگا کر غیر ترقیاتی اخراجات کو 40فیصد کم کردیا جائے تو حکمرانوں کو بھی بیرونی قرضہ لینے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر مغل نے کہا کہ اگر اپنے غیر ممالک میں رہنے والے پاکستانیوں کو اعتماد دیا جائے اور ان سے سنجیدہ اپیل کی جائے اور ان کی بھیجی ہوئی رقوم پر انہیں جائز منافع دیا جائے تو پاکستانی بھائی آج بھی 30سے40 ارب ڈالر پاکستان میں بھیج سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کا مسئلہ اعتماد کا ہے کہ کس شخصیت پر اعتماد کیا جائے کیونکہ اکثر سیاسی شخصیات نے ماضی میں ایسا کردار ادا کیا ہے کہ ان پر سے قوم کا اعتماد اٹھ چکا ہے تاہم موجودہ حکمرانوں کو ملکی یا غیر ملکی قرض لینے کی نسبت اخراجات میں بچت کرنا چاہیے اور اس کے ساتھ ساتھ نئے نوٹ پرنٹ کرکے افراط زر بڑھانے کی نسبت ملکی برآمدات30 ارب ڈالر تک لے جانے اور درآمدات میں غیر ضروری اشیاء کی 7ارب ڈالر کٹوتی کرکے ہم آج بھی اپنا تجارتی خسارہ ختم کرکے بیرونی طاقتوں کے سامنے ہاتھ پھیلانے سے بچ سکتے ہیں اور اپنے پاؤں پر کھڑا ہوسکتے ہیں اور ملکی پیداوار بڑھا کر غریب کے مفادات کا تحفظ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں