ٹریفک وارڈن نے اکمل برادران پر نظریں جمالی؛ عمر کے بعد کامران اکمل کا بھی چالان

جمعرات 27 فروری 2014 19:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27فروری۔2014ء) عمر اکمل کے بعد ٹریفک وارڈن نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ان کے بڑے بھائی کامران اکمل کا بھی چالان کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق کامران اکمل ماڈل ٹاؤن کرکٹ کلب سے ٹریننگ کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی جارہے تھے کہ راستے میں دوران ڈرائیونگ ٹیلی فون سننے پر ٹریفک وارڈن نے ان کا چالان کردیا۔

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ٹریفک وارڈن کی جانب سے کامران اکمل سے گاڑی کے کاغذات لے لئے گئے اور انہیں ہدایت کی کہ 500 روپے بینک میں جمع کروانے کےبعد اپنی گاڑی کے کاغذات وصول کرلیں۔نجی ٹی وی سے بات کرتےہوئے کامران اکمل کا کہنا تھا کہ قانون سب کے لئے برابر ہوتا ہے، مجھ سے غلطی ہوئی اس لئے ٹریفک وارڈن کی جانب سے میرا چالان گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمر اکمل کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، اس نے وہ رویہ نہیں اپنایا جو الزام لگایا گیا ہے، جائے وقوعہ پر موجود افراد کا بھی کہنا تھا کہ عمر نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی، اب وہ کیس عدالت میں ہے جہاں سچ اور جھوٹ کا فیصلہ ہوجائے گا۔واضح رہے کہ یکم فروری کو ٹریفک وارڈن کی جانب قوانین کی خلاف ورزی پر عمر اکمل کا بھی چالان کردیا گیا تھا تاہم بعد میں ان کے خلاف ٹریفک وارڈن پر تشدد اور کار سرکار میں مداخلت کرنے پر تھانہ گلبرگ میں مقدمہ درج کیا گیا اور آج عدالت کے طلب کرنے پر وہ ایشیا کپ میں شرکت کے باعث پیش نہیں ہوپائے جس پر ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں