دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستانیو ں کی لاتعدادقربانیاں اس بات کو ثبوت ہیں ہم دنیا کومحبت اور امن کا گہوارہ بنانا چاہتے ہیں ‘ گورنر پنجاب ،وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتوں کا کردار نہایت اہم ہے،حکومت پاکستان اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ کی ضامن ہے،دنیاکے ساتھ بہتر تعلقات خصوصاً تجارت کا فروغ پاکستان کی اولین ترجیح ہے ،غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کو ممکن بنایا جائیگا ‘ چوہدری محمد سرور

بدھ 26 فروری 2014 22:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 فروری ۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی دنیا کے جس حصے میں بھی ہوں وطن ِ عزیز کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوتے ہیں اور ملکی ترقی میں ہمہ وقت اپنا کردار ادا کرتے رہتے ہیں ، وزیر اعظم محمد نواز شریف اور ان کی پوری ٹیم اورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور معاشی ترقی میں ان کے کردار کو موثر بنانے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور سے تعلق رکھنے والے برطانیہ میں مانچسٹرکے لارڈ میئر نعیم الحسن سے ملاقات کے دوران کیا ۔ لیبر پارٹی کی طرف سے ممبر یورپی پارلیمنٹ کے امیدوار افضل خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے سپریم کورٹ کا فیصلہ قابل تعریف ہے اور وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اس سلسلے میں بہت جلد ایک کمیشن قائم کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی سالانہ پندرہ ارب ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں ، انہیں ضروری سہولتیں فراہم کر کے اس رقم کو کئی گنا تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ملک اس وقت جن مسائل کا شکار ہے ان کے حل کے لیے ہمیں بحیثیت قوم مل کر کام کرنا ہو گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس سے بھرپور استفادے کے لیے برطانیہ سمیت یورپی ملکوں کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلے پر غور کرنا ہو گا اس مقصد کے لیے وہ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں ۔

مانچسٹر کے لارڈمیئر نعیم الحسن نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ سرزمین پاکستان کے سپوت ہیں اور وہ اپنے اس عہدے کو دونوں ملکوں کے تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے استعمال کرتے رہیں گے ۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعاون کا فروغ ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ دونوں ملکوں کے درمیا ن تجارت کے امکانات کو وسعت دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

قبل ازیں، پاکستان میں جرمن کے سفیر ڈاکٹر سائیرل نن سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی امن پسند اور محبت کرنے والی قوم ہیں اس کے متعلق عالمی سطح پر پیدا کیے جانے والے منفی تاثر کو تبدیل کرنا ہو گا۔ انہو ں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانیو ں کی لاتعدادقربانیاں اس بات کو ثبوت ہیں کہ ہم دنیا کومحبت اور امن کا گہوارہ بنانا چاہتے ہیں ۔

گورنر نے کہاکہ دنیاکے ساتھ بہتر تعلقات خصوصا تجارت کا فروغ پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کو ممکن بنایا جائے گا۔ گورنرپنجاب نے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کے لیے انسانی حقوق ، ماحولیات سمیت دیگر ستائیس شرائط ہماری قومی ترجیح ہیں اور ان پر من و عن عمل کیا جائے گا۔ انہو ں نے کہا کہ اس اہم فیصلے سے صرف ٹیکسٹائل سیکٹر ہی نہیں بلکہ سینکڑوں دوسرے شعبوں کوبھی وسعت دینے میں مدد ملے گی۔

جرمن کے سفیر ڈاکٹر سائیرل نن نے کہا کہ جرمنی پاکستان کا اہم ٹریڈ پارٹنر ہے جو پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو مزید وسعتیں دینا چاہتا ہے۔ انہو ں نے کہاکہ جی ایس پلس سٹیٹس کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہوں گے اور بہت سی جرمنی کمپنیاں پاکستان کارخ کر رہی ہیں ۔انہو ں نے جی ایس پلس سٹیٹس کے حصول میں گورنر پنجاب کی ذاتی کوششوں کو سراہا ۔

بعد ازاں ،گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاؤس لاہور میں سالویشن آرمی کے جنرل نے ملاقات کی۔اس موقع پر مقامی سالویشن آرمی کے افسران کے علاوہ پادری شاہد معراج ڈین آف لاہور کیتھڈران بھی ملاقات میں موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے رہنے کے لئے بہترین جگہ ہے جہاں انہیں نا صرف زندگی کی تمام بنیادی سہولتیں فراہم ہیں بلکہ اپنے مذہبی رسومات کی ادائیگی اور مذہبی عقائد پر عمل درآمد کی بھی مکمل آزادی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ کی ضامن ہے ۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتوں کا کردار نہایت اہم ہے۔ اس موقع پروفد کے سربراہ جنرل Andre Coxنے پاکستانی حکومت کی اقلیتوں کے حوالے سے کی گئی خدمات کو سراہا۔دریں اثنا، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاؤس لاہور میں وہاڑی سے ممبر صوبائی اسمبلی نعیم بھابا کی قیادت میں صدر پریس کلب وہاڑی نوید قریشی کے ہمراہ 5رکنی وفد نے ملاقات کی۔

گورنر پنجازب نے کہا کہ پاکستان کا میڈیا نہ صرف آزاد ہے بلکہ ذمہ دار بھی ہے جو ملکی مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کے حل میں بھی اپنا فعال کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مسائل اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہر شخص خواہ اس کا تعلق کسی شعبے سے بھی ہے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ان مسائل کے حل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ گورنر نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے صحافیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے انہیں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں