طالبان کے معاملے پر تحریک انصاف تنہا ہو رہی تھی اسی وجہ سے یو ٹرن لیا ‘ اعتزاز احسن ،قومی سلامتی پالیسی کا مسودہ پارلیمنٹ میں زیر بحث آئیگا تبھی اس سے متعلق کوئی رائے دی جا سکتی ہے ‘ رہنما پی پی

بدھ 26 فروری 2014 21:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 فروری ۔2014ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ طالبان کے معاملے پر تحریک انصاف تنہا ہو رہی تھی اور اسی وجہ سے انہوں نے یو ٹرن لیا ہے ،قومی سلامتی پالیسی کا مسودہ پارلیمنٹ میں زیر بحث آئیگا تبھی اس سے متعلق کوئی رائے دی جا سکتی ہے ، سوات آپریشن کے باعث اڑھائی لاکھ افراد نے نقل مکانی لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت نے موثر حکمت عملی سے انہیں دوبارہ اپنے گھروں میں آباد کیا ۔

بدھ کے روزیہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ طالبان کے معاملے پر حکومت کو مکمل اختیار دے چکے ہیں لیکن حکومت کو دو ٹوک موقف اپنانا ہوگا ۔شہریوں کے جان و مال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تحریک انصاف کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ طالبان کے معاملے پر تحریک انصاف اپنے موقف کی وجہ سے تنہا ہو رہی تھی اسی لئے انہوں نے یوٹر ن لیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے قومی سلامتی پالیسی پر رائے دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ پالیسی کا مسودہ پارلیمنٹ میں زیر بحث آئے گا تو اسکے بارے کچھ کہا جا سکتا ہے ۔انہوں طالبان سے کرکٹ میچ کے چوہدری نثار کے بیان کے سوال پر کہا کہ وزیر داخلہ کو ایسے غیر ذمہ دارارنہ بیانات نہیں دینے چاہئیں ۔ کرکٹ تو عمران خان کھیلتے ہیں، طالبان سے چوہدری نثار کے کرکٹ میچ کی بات بے وقت اور بے تکی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجود حکومت بھی سوات آپریشن کے بعد پیپلز پارٹی کے نقل مکانی کرنے والوں کے لئے اقدامات کی تقلید کرے اور اسکے لئے پہلے پالیسی بنائی جائے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں