نئے بھرتی ہونے والے 175 سول ججز کم جوڈیشل مجسٹریٹس کی صوبہ کے مختلف اضلاع میں تعیناتی کے احکامات جاری ،سول ججوں کی پری سروس ٹریننگ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں ہوگی، عدالت عالیہ کے رجسٹرار ججوں سے حلف بھی لیں گے

بدھ 26 فروری 2014 20:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 فروری ۔2014ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نے نئے بھرتی ہونے والے 175 سول ججز کم جوڈیشل مجسٹریٹس کی صوبہ کے مختلف اضلاع میں تعیناتی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ مذکورہ جج صاحبان اپنی جائے تعیناتی پر جانے سے پہلے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں پری سروس ٹریننگ کورس کریں گے۔ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق متذکرہ جوڈیشل افسران 28 فروری کو اکیڈمی میں رپورٹ کریں ، جہاں یکم مارچ کو رجسٹرار ہائی کورٹ ان سے حلف لیں گے۔

یکم مارچ سے شروع ہونے والا تربیتی کورس ایک مہینے تک جاری رہے گا۔ عدالتی افسران ڈائریکٹر جنرل اکیڈمی کے توسط سے اپنی جوائنگ رپورٹس اپنے متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صاحبان کو بھجوائیں گے۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن کے مطابق نو منتخب افسران اکیڈمی میں تربیت کے بعد اپنی جائے تعیناتی پر رپورٹ کریں گے اور متعلقہ ضلعی ہیڈ کوارٹر میں سینئر سول جج یا جوڈیشل مجسٹریٹ سیکشن 30 سے پندرہ دن کی عملی تربیت حاصل کریں گے۔ عملی تربیت کے بعد متعلقہ سیشن جج جوڈیشل افسران سے انٹرویو کرکے انکی رپورٹس مرتب کریں گے جو کہ عدالت عالیہ کو بھجوائی جا ئیں گی۔ سول جج صاحبان کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اثاثہ جات کی مکمل تفصیلات معہ دستاویزی ثبوت بھی لاہور ہائی کورٹ کو ارسال کریں ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں