طالبان کی کلاشنکوف بردار شریعت کسی بھی قیمت پر قبول نہیں ہے، الطاف حسین

منگل 25 فروری 2014 19:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25فروری۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کی کلاشنکوف اور ڈنڈا بردار شریعت کو کسی بھی قیمت پر قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔پنجاب ہاؤس لاہور میں ایم کیوایم کے ذمہ داران اور کارکنان سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ پاکستان میں طالبان کے خوف و دہشت کے باعث کوئی ان کے خلاف بات کرنے کو تیار نہیں تھا لیکن میں نے اس خاموشی کے قفل کو توڑا اور کراچی میں یکجہتی ریلی منعقد کرکے طالبان کی دہشت کاخاتمہ کردیا۔

انہوں نے کہاکہ مسلح افواج ، رینجرز، ایف سی اورپولیس کے افسران واہلکاروں اور شہریوں کے گلے کاٹنے، معصوم بچیوں کو کوڑے مارنے، شادی کے موقع پر تالیاں بجانے کی پاداش میں انہیں قتل کرنے اور مساجد وامام بارگاہوں میں نمازیوں کو بم دھماکے کرکے قتل کرنے والے وحشی درندے ہیں اور ان وحشی درندوں کی خودساختہ شریعت کو ماننے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کی وحدانیت، ختم نبوت اور قرآن مجید پرہمارا کامل ایمان ہے۔ طالبان کی شریعت کل بھی ہمیں نامنظور تھی اور آج بھی نامنظور ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب بالخصوص ایم کیوایم لاہور زون کے تمام ذمہ داران، کارکنان اور ہمدرد عوام سے اپیل کی کہ وہ 9 مارچ کو لاہور میں ایم کیوایم کے تحت روحانی اجتماع کی کامیابی کیلئے بڑھ چڑھ کرمحنت ولگن سے کام کریں اور پاکستان کی سلامتی وبقاء اور ترقی وخوشحالی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں