حکومت نے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے لیکن دہشتگردی اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ‘ گورنر پنجاب ،اَمن کے بغیر ہم ترقی نہیں کر سکتے ،کوئی کتنا بھی طاقتور کیوں نہ ہو اسے عوام کے قتل و غارت کی اجازت نہیں دی جاسکتی،جو لوگ یہ کہتے ہیں اسلام تلوار کے زور پر پھیلا میں اس سے اتفاق نہیں کرتا ہوں‘ چوہدری محمد سرور کا نظریہ پاکستان کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 22 فروری 2014 22:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 فروری ۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان مشکل ترین صورتحال سے گزر رہا ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ایک سوچ و فکر کے ساتھ متحد ہوکر ملک و قوم کی بقاء کے لئے دہشتگردی کے خلاف کمربستہ ہونا پڑے گا، کوئی کتنا بھی طاقتور کیوں نہ ہو اسے عوام کے قتل و غارت کی اجازت نہیں دی جاسکتی، حکومت نے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے ،لیکن دہشتگردی اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ہیں یہ پوری قوم کی آواز ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں چھٹی سالانہ سہ روزہ نظریہٴ پاکستان کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے ممبر قومی اسمبلی و نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کی وائس چیئر پرسن بیگم مجیدہ وائیں ن،صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان،سابق وفاقی وزیر قانون ایس ایم ظفر،ممتاز مسلم لیگی رہنما خان غلام دستگیر خان نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی تمام بڑی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں تاکہ صلح صفائی سے معاملات حل ہوں لیکن بدقسمتی سے یہ مذاکرات صحیح سمت میں کامیاب نہیں ہو رہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ابھی مذاکرات کا دروازہ بند نہیں کیا اور نہ ہی وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے اس کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔گورنر نے کہا کہ ہماری بہادر افواج میں اندرونی وبیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے کی سکت موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمارے وطن عزیز میں امن قائم ہو کیونکہ اَمن کے بغیر ہم ترقی نہیں کر سکتے ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اسلام ہمیں امن و سلامتی کا درس دیتا ہے ،قرآنی اصولوں پر عمل اور نبی کریمﷺ کے نقش قدم پر چل کر ہی ہمارے تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔نبی کریمﷺ رحمت للعالمین ہیں اور آپ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا۔آپ کی امت میں آنے کیلئے انبیائے کرام دعائیں کیا کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر قتل و غارت نبی کریم کا پیغام نہیں ہے بلکہ آپ نے تو اپنے بدترین دشمنوں کو بھی معاف فرمادیا تھا۔

گورنر نے کہا کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ اسلام تلوار کے زور پر پھیلا میں اس سے اتفاق نہیں کرتا ہوں۔انہوں نے کہا ہمارے پچاس ہزار افراد دہشت گردی کی نظر ہو چکے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں تعلیم کے شعبے میں خصوصی توجہ دینا ہو گی اور اس حوالے سے موجودہ حکومت نے تعلیمی بجٹ2فیصد سے بڑھا کر4فیصد کردیا ہے اور آئندہ چند ماہ میں پنجاب کے تمام سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پنجاب حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں