پاکستان انڈیا گیمز کیلئے کھلاڑیوں کی پریکٹس پنجاب سٹیڈیم میں جاری ، یکم مارچ کو بھارتی دستہ پاکستان پہنچے گا ،کھیلوں کے روایتی حریف کھلاڑیوں میں مقابلے کیلئے خاصا جوش و خروش میدان میں فتح کیلئے ٹیمیں بے تاب

ہفتہ 22 فروری 2014 21:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 فروری ۔2014ء) پاکستان انڈیاگیمز کی تیاریوں کے حوالے سے کھلاڑیوں میں خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے ، قومی کھلاڑی ہوم گراؤنڈ پر بھارت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں جس کیلئے تربیتی کیمپ اور پریکٹس جاری ہے ۔ بھارتی پنجاب میں ہونے والے کبڈی کے ایونٹ کے فائنل میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے بھارتی ہم منصب کو اپنے کھلاڑی پاکستان بھیجنے کی دعوت دی تھی جن کی دعوت پر بھارتی دستہ پنجاب یوتھ فیسٹیول میں حصہ لینے کے لئے یکم مارچ کو پاکستان پہنچے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان انڈیاگیمز کا آغاز 2 مارچ سے ہوگا۔پاک بھارت ٹیموں کے مابین ریسلنگ، باڈی بلڈنگ، ویٹ لفٹنگ، رسہ کشی، آرم ریسلنگ (مردو خواتین)، میٹ ریسلنگ اور مردوں خواتین کے کبڈی کے مقابلے ہونگے۔اس حوالے سے مردوں اور خواتین کی کبڈی ٹیموں کے کھلاڑیوں کی پنجاب سٹیڈیم میں پریکٹس جاری ہے جہاں ٹیموں کے کوچ غلام عباس بٹ انہیں تربیت دے رہے ہیں۔ پاکستان انڈیا گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے پاکستانی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ وہ میزبان کی حیثیت سے بھارتی کھلاڑیوں کی شان شایان مہمان نوازی ضرور کریں گے لیکن میدان میں روایتی حریف کو چاروں شانے چت کر کے کامیابی اپنے نام کرنے کے لئے بے تاب ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں