پنجاب یوتھ فیسٹیول ، پاکستان انڈیا گیمز کی تیاریوں کا میلہ سج گیا ، ہاکی سٹیڈیم میں ریہرسل ،کھلاڑیوں نے جمناسٹک کا شاندار مظاہرہ کر کے شائقین سے بھرپور داد وصول کی، بھارت سے مقابلے کیلئے کھلاڑی پرجوش،یوتھ فیسٹیول سے پاکستان کی دنیا میں نیک نامی اور نوجوانوں کی خود اعتمادی میں اضافہ ہو گا ‘ ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور

جمعہ 21 فروری 2014 20:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 فروری ۔2014ء) پنجاب یوتھ فیسٹیول کے سلسلے میں پاکستان انڈیا گیمز کی تیاریوں کا میلہ لاہور میں سج گیا۔زندہ دلان لاہور بھارتی کھلاڑیوں کو ”جی آیاں نوں“ کہنے کے لئے جہاں پیش پیش ہیں وہاں کھلاڑیوں کی تیاریاں بھی زور وشور سے جاری ہیں۔ کھیلوں کے روایتی حریف کے ساتھ کھیلوں کی افتتاحی تقریب کو چار چاند لگانے کے لئے نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں پروقار تقریب کی ڈریس ریہرسیل ہوئی جس میں 500 سے زائدکھلاڑیوں ، آفیشلزاور رضاکاروں نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی سپورٹس بورڈ پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عثمان انور تھے۔ اس موقع پر کھلاڑیوں نے جمناسٹک کا مظاہرہ کیا اور شائقین سے بھر پور داد وصول کی۔ خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور نے کہا کہ کھلاڑیوں کا جوش وخروش دیکھ کر میں وثوق سے کہتا ہوں کہ 100عالمی ریکارڈز بنانے کا جو خواب ہم نے دیکھا ہے وہ ضرور پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کے بعد جہاں دنیا بھر میں پاکستان کی نیک نامی میں اضافہ ہوگا وہاں نوجوانوں کی خود اعتمادی میں بھی اضافہ ہوگا جس کا فائدہ انہیں آنے والی زندگی میں ہو گا۔عثمان انور نے واضح کیا کہ عالمی یکارڈز کا حصہ بننے والے تمام شرکاء کو گینز بک آف دی ورلڈ کے سرٹیفیکٹس دیئے جائیں گے جو زندگی بھر ان کے خوشگوارلمحات کا اثاثہ ثابت ہوں گے۔

پاکستان انڈیا گیمز2مارچ سے شروع ہوں گی جس میں شرکت کے لئے 99 رکنی بھارتی دستہ یکم مارچ کو پاکستان پہنچے گااور میزبان کھلاڑیوں کے ساتھ8 مختلف کھیلوں ریسلنگ، باڈی بلڈنگ، ویٹ لفٹنگ،رسہ کشی، آرم ریسلنگ(مردو خواتین)، میٹ ریسلنگ اور مردوں خواتین کے کبڈی مقابلوں میں حصہ لے گا۔مہمان کھلاڑیوں کے اعزاز میں اسی شام نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا جائے گا جس میں مارچ پاسٹ کے بعد جماسٹک کے کھلاڑی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، بعدازاں رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا جائے گا۔

بھارتی پنجاب میں ہونے والے کبڈی کے ایونٹ کے فائنل میں وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے بھارتی ہم منصب کو اپنے کھلاڑی پاکستان بھیجنے کی دعوت دی تھی۔ دوسری جانب پاکستان انڈیا گیمز کی تیاریوں کے لئے کھلاڑیوں میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور وہ روایتی حریف کے خلاف اپنے کیریئر کا شاندار کھیل پیش کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ ادھرکبڈی، ریسلنگ، آرم ریسلنگ، رسہ کشی، اور ویٹ لفٹنگ کے کھلاڑیوں نے لاہور کے مختلف مقامات پر بھر پور پریکٹس کی ۔ اس موقع پر پاکستانی شاہینوں کا کہنا تھا کہ وہ بھارتی کھلاڑیوں کی شایان شان طریقے سے مہمان نوازی ضرور کریں گے لیکن میدان میں انہیں چاروں شانے چت کر کے کامیابی اپنے نام کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں