ترقی یافتہ ممالک کی نسبت پاکستان میں معذور افراد کے لیے بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ‘ محمد سعید خان

جمعہ 21 فروری 2014 17:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21فروری 2014ء) لاہور بزنس مین ایسوسی ایشن برائے بحالی معذوراں (لبارڈ) کے جوائنٹ سیکریٹری محمد سعید خان نے کہا ہے کہ لبارڈ خصوصی افراد کو ہنرمند بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے تاکہ یہ اپنی خداداد صلاحیتوں کو استعمال میں لاکر کسی پر بوجھ بننے کے بجائے خود انحصار زندگی گزار سکیں۔ وہ خیبرپختونخوا کے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے سرکاری آفیسرز کے پندرہ رُکنی وفد سے خطاب کررہے تھے جو جائیکا پاکستان کے تحت کپیسٹی بلڈنگ پروگرام کے سلسلے میں لبارڈ ووکیشنل ٹریننگ سنٹر کے دورے پر آئے تھے۔

محمد سعید خان نے وفد کو لبارڈ ووکیشنل ٹریننگ سنٹر کا دورہ کرایا اور معذور افراد کو فراہم کیے جانے والے مختلف ہنروں اور لبارڈ کی خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی نسبت پاکستان میں معذور افراد کے لیے بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ، ترقی یافتہ ممالک میں عمارتوں پر خصوصی ریمپ تعمیر کیے جاتے ہیں اور عوامی مقامات پر بھی سہولیات یقینی بنائی جاتی ہیں تاکہ معذور افراد کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے لہذا ہمیں بھی ایسے ہی اقدامات اٹھانا ہونگے۔

سعید خان نے کہا کہ لبارڈ انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت معذور افراد کی خدمت کے لیے سرگرمِ عمل ہے اور اس کی ٹیم کے تمام اراکین بے لوث جذبہ خدمت کے تحت یہ کوشش کررہے ہیں کہ معذور افراد کو بھی معاشرے کا فعال رُکن بنایا جائے تاکہ وہ کسی پر بوجھ بننے کے بجائے نہ صرف اپنا روزگار خود کمائیں بلکہ ملک و قوم کی خدمت بھی کریں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں