انڈیا بڑا بھائی ہے اور پاکستان چھوٹا، بھارت کو ایک بڑے بھائی کی طرح اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کرنا چاہئے‘ گورنر پنجاب ،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بھارت ،افغانستان،ایران اور چائینہ سمیت دیگر ممالک کو خلوص دل کے ساتھ مل کر جدوجہد کر نی ہے ،چوہدری محمد سرور کی بھارت سے آئے ہوئے میڈیا کے نمائندوں پر مشتمل 14رُکنی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو ،قائم مقام صدر سردار ایاز صادق سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی ملاقات ، مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال

جمعرات 20 فروری 2014 20:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 فروری ۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہم تمام ہمسایہ ممالک بھارت ،افغانستان،ایران اور چائینہ سمیت دیگر ممالک کو خلوص دل کے ساتھ مل کر جدوجہد کر نی ہے ، اگر ہم متحد ہو کر اس دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اُٹھ کھڑے ہوں تو کوئی وجہ نہیں ہم اس میں کامیاب نہ ہوسکیں،پاکستان اور انڈیا ایک ذمہ دار ایٹمی طاقتیں ہیں ہمیں اپنے عوام کو بنیادی ضروریات سے مستفید کرنا ہے کیونکہ دونوں ملکوں کا اصل دشمن غربت ہے اور اس کا خاتمہ تبھی ممکن ہے کہ ہم ایک دوسرے سے خلوص دل اور باہمی محبت کے ساتھ تعاون کریں تاکہ دونوں ملکوں کے عوام کو درپیش ناخواندگی اور غربت جیسے دیگر مسائل پر قابو پایا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں بھارت سے آئے ہوئے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندوں پر مشتمل 14رُکنی صحافیوں کے وفد جس کی قیادت کلکتہ پریس کلب کے صدر سندپتہ کر رہے تھے، سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کا قیام جنوبی ایشیا کے عوام کی ترقی ، خوشحالی اور ان کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہیں اور ہمیں اپنے ہمسایہ ملکوں سے بہتر تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اوربھارت سمیت جنوبی ایشیا کے تمام ممالک غربت، بے روزگاری ، مہنگائی اور بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی جیسے یکساں مسائل کا شکار ہیں اور ان مسائل کے حل کے لئے تمام ملکوں کے سربراہاں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایہ ملکوں سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اقتدار میں آنے سے پہلے برملا کہا کہ ہم ہندوستان سے اچھے اور برابری کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا بڑا بھائی ہے اور پاکستان چھوٹا، بھارت کو ایک بڑے بھائی کی طرح اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کرنا چاہئے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آج جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتری کی طرف گامزن ہیں اس میں بلاشبہ دونوں ممالک کے میڈیا کا کردار نہایت اہم اور کلیدی ہے جس پر دونوں ممالک کا میڈیا مبارکباد کا مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں جمہوریت کی تقویت اور عوام کی بہبود کے لئے میڈیا کا کردار قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو بہتر اور مستحکم کرنے میں سنجیدہ ہے۔ گورنر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ایک متحرک شخصیت ہیں جنہوں نے پاک بھارت تعقات کو استوار کرنے میں ہمیشہ پل کا کردار ادا کیا ہے۔اس موقع پر وفد کے ارکان نے بانی پاکستان حضرت قائد اعظم  کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے شکرگزار ہیں کہ آج ہم پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی کاہوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چند مہینوں میں عوام کے لئے میٹروبس سروس کی سہولت کی فراہمی کو جس طرح یقینی بنایا بلاشبہ قابل تحسین ہے۔ گورنر نے کہا کہ موجودہ حکومت اس طرح کے منصوبہ دیگر شہروں میں بھی شروع کررہی ہے تا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ وفد نے گورنر پنجاب کو کلکتہ شہر میں آنے کی دعوت بھی دی۔ قبل ازیں، قائم مقام صدر پاکستان سردار ایاز صادق سے گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی صورت حال کے علاوہ امن و مان اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہٴ خیال کیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں