جمشید دستی نے ”جاگوتحریک “ شروع کرنے کا اعلان کر دیا،لاہور سے باقاعدہ تحریک شروع کی جائیگی،غریب عوام اور پاکستان کیلئے اپنی کشتیاں جلا کر نکلا ہوں، عوام بھی ساتھ دیں ‘ آزاد رکن اسمبلی کی گفتگو

جمعرات 20 فروری 2014 19:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 فروری ۔2014ء) آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے ”جاگو تحریک “ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب عوام اور پاکستان کیلئے اپنی کشتیاں جلا دی ہیں اب عوام بھی میر اساتھ دیں ، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں مک مکا ہے اور ملک میں حقیقی نہیں جعلی اپوزیشن اور اسی لئے جنگی اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔

گزشتہ روز ” این این آئی“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جمشید دستی نے کہا کہ حکمرانوں کی پالیسیوں کے باعث حالات خونی انقلاب کی طرف بڑھ رہے ہیں ، اگر آج ہم نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو اوپر والا بھی ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے قوم کا مستقبل گروی رکھ دیا ہے،طالبان سے مذاکرات کی باتیں جھوٹ ہیں، کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، سب کچھ امریکہ کے کہنے کے مطابق ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا مک مکا ہے،دونوں ایک دوسرے کی اربوں روپے کی کرپشن پر پر دہ ڈال رہے ہیں ،جنہیں ماضی میں چور اور ڈاکو کہا گیا آج ان سے ملکر منصوبوں کا افتتاح کیا جارہا ہے ،یہ اس ملک کا سو دا کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کشتیاں جلا کر باہر نکلا ہوں اب عوام کو بھی میرا ساتھ دینا ہوگا ۔آئندہ دو ہفتوں تک لاہور سے باقاعدہ تحریک شروع کروں گا اور عوام کا درد رکھنے والے ہر سیاستدان کو اس تحریک میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہوں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں