ساؤتھ ایشیاء لیبر کانفرنس کے انعقاد سے ملکی معاشی ترقی پر دورس اثرات مرتب ہوں گے‘ حنا پرویز بٹ

جمعرات 20 فروری 2014 15:43

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20فروری 2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنماء ورکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ لاہور میں ہونیوالی سہ روزہ ”ساؤتھ ایشیاء لیبر کانفرنس“ کے انعقاد سے نہ صرف جنوبی اشیائی ممالک بلکہ دنیا بھر کی لیبر مارکیٹ میں پاکستانی مزدور کی کھپت میں اضافے کے حوالے سے موثر پیش رفت ہوگی‘ کانفرنس کے ذریعے پاکستان اور سارک ممالک کے درمیان ہنراورمہارت کے تبادلے کو فروغ حاصل ہوگا جبکہ ملکی معاشی ترقی پر بھی دورس اثرات مرتب ہوں گے۔

وہ گزشتہ روز صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور کی زیر صدارت ساؤتھ ایشیاء لیبر کانفرنس کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہکانفرنس کا انعقاد خطے کے دیگر ممالک بشمول پاکستان میں آئی ایل او کے کنونشن کے تحت بین الاقوامی لیبر لاز کے اطلاق ، لیبر مارکیٹ انفارمیشن سسٹم کی مضبوطی اور لیبر پالیسی پر غوروفکر کے بعد مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کے لئے انتہائی سود مند ثابت ہوگا جبکہ کانفرنس کے مختلف سیشن میں ان ممالک میں اس حوالے سے کئے جانے والے اقدامات اور تجربات بارے تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلی پنجاب بھی اس بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی و اختتامی سیشن میں خصوصی طورپر شرکت کریں گے جبکہ قومی اور بین الاقوامی اہم شخصیات سمیت تعلیمی اداروں کو بھی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں بین الاقوامی لیبر قوانین سے آگاہی اور ان پر عملدرآمد کے ذریعے پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈی میں مانگ بڑھنے سے ملکی معاشی ترقی پر بھی دورس اثرات مرتب ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں