اپوزیشن لیڈر نے 8افراد کے قتل پر پنجاب اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس اور تحر یک التواء کار جمع کروادی،صوبے میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بحث کیلئے فوری طور پر پنجاب اسمبلی کااجلاس بلانے کا مطالبہ

بدھ 19 فروری 2014 21:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 فروری ۔2014ء) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے لاہور میں8افراد کے قتل پر پنجاب اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس اور تحر یک التواء کار جمع کروادی جبکہ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے صوبے میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بحث کیلئے فوری طور پر پنجاب اسمبلی کااجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے حکمرانوں کو سیر وتفریح سے فرصت نہیں ‘صوبہ میں حکو مت اور پو لیس کی رٹ دور بین سے بھی نظر نہیں آتی ‘لاہور سمیت پو راپنجاب جرائم پیشہ لوگوں کیلئے محفوظ پناہ گاہ بن چکا ہے ‘حکمرانوں نے اپنی ذمہ داروں کو پورا نہ کیا تو حکمرانون کیخلاف سڑکوں پر آنے سے بھی گر یز نہیں کیا جا ئیگا ۔

لاہور میں قتل ہونیوالے8افراد کی نمازجنازہ میں شر کت کیلئے گوجرانوالہ روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الر شید نے کہا کہ پنجاب حکو مت صوبے میں امن وامان کے قیام میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور ان کے پاس اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز ختم ہو تا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پنجاب کے حکمران صوبے کے مسائل کے حل پر توجہ دینے کی بجائے غیر ملکی دوروں اور وفاق کے معاملات میں پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں جسکی وجہ سے پنجاب جرائم پیشہ افراد کیلئے محفوظ پناہ گاہ بن چکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلا کر صوبے میں امن وامان کی بگڑاتی ہوئی صورتحال پر ایوان میں بحث کروائی جائے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں