میٹرو بس توسیعی منصوبے کے متاثرین کے جائز تحفظات دور کیے جائینگے ،کوئی ناانصافی نہیں کی جائیگی‘ حمزہ شہباز شریف ،انفراسٹرکچر کی ترقی کا مقصد عوام کو سہولیات مہیا کرنا ہیم، تاجر برادری کو کسی بھی موقع پر ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا‘ رکن قومی اسمبلی

منگل 18 فروری 2014 19:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 فروری ۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو یقین دہانی کرائی ہے کہ میٹرو بس توسیعی منصوبے کے متاثرین کے جائز تحفظات دور کیے جائیں گے اور نقصانات کے ازالے میں ہرگز کوئی ناانصافی نہیں کی جائے گی۔ وہ لاہور چیمبر کے بارہ رکنی وفد سے گفتگو کررہے تھے جس کی سربراہی لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کی۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی ترقی کا مقصد عوام کو سہولیات مہیا کرنا ہے۔ حکومت اپنی ذمہ داریوں اور تاجر برادری کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے ، انہیں کسی بھی موقع پر ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت یہ جانتی ہے کہ متاثرہ تاجر میٹرو بس توسیعی منصوبے سے خوش نہیں لہذا اس پر نظر ثانی کے لیے پہلے ہی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے کہا کہ متاثرین کے نقصان کا ازالہ انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے میرٹ پر کیا جائے گا۔ سبزی منڈی کی منتقلی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی اس معاملے پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، جیسے ہی کوئی منصوبہ بنا سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے تاجر برادری کے مسائل ہمدردی سے سننے پر ایم این اے حمزہ شہباز کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر ترقیاتی منصوبوں کے خلاف نہیں ، یہ چاہتا ہے کہ منصوبوں کے آغاز سے قبل علاقے کے تاجروں کو پوری طرح اعتماد میں لیا جائے۔ انہوں نے حمزہ شہباز کو ریٹیل ڈیپارٹمنٹل سٹورز اور ریسٹورنٹس پر چھاپوں کے معاملے سے آگاہ کرتے ہوئے زور دیا کہ ضلعی انتظامیہ کو ایسے اقدامات سے روکا جائے۔ انجینئرسہیل لاشاری نے کہا کہ اس وقت صنعت و تجارت کو پہلے ہی بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ سمیت دیگر بہت سے مسائل کا سامنا ہے لہذا حکومت انہیں ریلیف مہیا کرے تاکہ وہ ذہنی یکسوئی سے اپنے کاروبار کرسکیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں