مسافر وں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی پلان مرتب کر رہے ہیں ،سوسال پرانا پٹرولنگ کا نظام سکیورٹی نہیں ٹریکس کی مرمت کیلئے ہے ‘وزیر ریلوے،دہشتگردوں کو توڑ ڈھونڈنے سے روکنے کیلئے فی الحال سکیورٹی منصوبے کو سامنے نہیں لا سکتے ،سکیورٹی کیلئے بھی پٹرولنگ کا نظام لا رہے ہیں سوئٹزر لینڈ اور ہمسایہ ملک میں بیٹھ کر بلوچستان میں نام نہاد آزادی کی تحریک چلانے والے ٹرینوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ،خواجہ سعد رفیق کا خوشحال خان خٹک ایکسپریس میں جاں بحق ہونیوالوں کیلئے فی کس پانچ لاکھ اور زخمیوں کیلئے ایک ، ایک لاکھ امداد کا اعلان

اتوار 16 فروری 2014 17:56

مسافر وں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی پلان مرتب کر رہے ہیں ،سوسال پرانا پٹرولنگ کا نظام سکیورٹی نہیں ٹریکس کی مرمت کیلئے ہے ‘وزیر ریلوے،دہشتگردوں کو توڑ ڈھونڈنے سے روکنے کیلئے فی الحال سکیورٹی منصوبے کو سامنے نہیں لا سکتے ،سکیورٹی کیلئے بھی پٹرولنگ کا نظام لا رہے ہیں سوئٹزر لینڈ اور ہمسایہ ملک میں بیٹھ کر بلوچستان میں نام نہاد آزادی کی تحریک چلانے والے ٹرینوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ،خواجہ سعد رفیق کا خوشحال خان خٹک ایکسپریس میں جاں بحق ہونیوالوں کیلئے فی کس پانچ لاکھ اور زخمیوں کیلئے ایک ، ایک لاکھ امداد کا اعلان

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 فروری ۔2014ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ تحریبی کارروائی کے دوران خوشحال خان خٹک ایکسپریس میں جاں بحق ہونے والے کے ورثاء کے لئے پانچ ،پانچ لاکھ جبکہ زخمیوں کیلئے ایک ،ایک لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافر وں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی پلان مرتب کر رہے ہیں لیکن دہشتگردوں کو اس کا توڑ ڈھونڈنے سے روکنے کیلئے فی الحال اسے سامنے نہیں لا سکتے ،ریلوے کے پاس سوسال سے موجود پٹرولنگ کا نظام صرف ٹریکس کی مرمت کے لئے ہے لیکن اب سکیورٹی کیلئے بھی پٹرولنگ کا نظام لا رہے ہیں ،سوئٹزر لینڈ اور ہمسایہ ملک میں بیٹھ کر بلوچستان میں نام نہاد آزادی کی تحریک چلانے والے مسافر ٹرینوں کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ بنگلہ دیش کا محل وقوع کچھ اور تھا بلوچستان میں ایساکر کے انکا خواب پورا نہیں ہوسکتا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹر میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا جس میں آئی جی ریلوے سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں خوشحال خان خٹک کو نشانہ بنائے جانے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ اور امدادی کارروائیوں کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر احکامات جاری کئے گئے ۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو 17جنوری کے بعد دوسری مرتبہ نشانہ بنایا گیا ہے ۔ہم مسافر وں کی سکیورٹی سے غافل نہیں اور اسکے لئے جو بس میں ممکن ہے وہ اقدامات کر رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے واقعے کے بعد پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جن سے تفتیش جاری ہے اور ان سے اہم معلوما ت ملی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں پانچ افراد جاں بحق جبکہ 27زخمی ہوئے جس میں سے تین کی حالت کی حالت تشویشناک ہے ۔

وزیر ریلوے نے اس موقع پر جاں بحق افراد کے لئے پانچ لاکھ فی کس اور زخمیوں کو ایک لاکھ روپے فی کس مالی امداد دینے کا بھی اعلان کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔حادثے کی جگہ پر جاری امدادی کارروائیو ں کو براہ راست مانیٹر کیا جا رہا ہے جبکہ اپنے پیاروں کی معلومات حاصل کرنے کیلئے تین ہیلپ لائنوں کا اجراء بھی کر دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو کھلی چھٹی نہیں دی جا سکتی اس کیلئے وزار ت داخلہ اور صوبوں سے مل کر کام کر رہے ہیں، ۔ہزاروں کلو میٹر ٹریک کی حفا ظت کو سوفیصد یقینی بنا نا مشکل ہے ،ہمارے پاس پٹرولنگ کا سو سالہ پرانا نظام ہے لیکن یہ سکیورٹی کے لئے نہیں بلکہ ٹریکس کی مرمت کے لئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے تیس ارب خسارے کا شکار ہے اور اسکے پاس وسائل نہیں لیکن اب سکیورٹی کے لئے پٹرولنگ کا نظام لا رہے ہیں ۔

کچھ علاقوں میں ایف سی کی مددسے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔انہوں نے مسافر ٹرینوں میں جیمبرز کی تنصیب کے حوالے سے کہا کہ فی الحال اس پر کوئی بات نہیں کروں گا ۔ سکیورٹی پلان مرتب کیا جارہا ہے لیکن اسے عیاں نہیں کر سکتے کیوں کہ دہشتگرد ہم سے ایک قدم آگے بڑھ کر اس کا توڑ ڈھونڈ لیتے ہیں لیکن اب ہم اسکے تدارک کے لئے بھی کام کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں نام نہاد آزادی کی تحریک لڑنے والے مسافر ٹرینوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور انہیں سوئٹزر لینڈ اور ہمسایہ ملک میں بیٹھ کر کنٹرول کیا جارہا ہے ۔ مسافروں پر حملے بزدلانہ کارروائیاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جو آمریت کے دور میں بویا گیا آج ہم وہ کاٹ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب دہشتگرد کارروائیاں کریں گے تو سیکورٹی اہلکار خاموش رہ کر انہیں پھولوں کے گجرے پیش نہیں کرسکتے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں